کراچی: لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرگئی۔
جیو نیوز کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرگئی جو مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور 6 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے جن میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جب کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو کا بتانا ہےکہ عمارت میں 6 خاندان رہائش پزید تھے اور ملبے تلے دبے مزید لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، گلیوں کے تنگ ہونے کی وجہ سے ہیوی مشینری کو پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث بھی ہیوی مشینری کے پہنچنے میں تاخیر ہورہی ہے جب کہ مقامی لوگ بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔