Daily Roshni News

کسی کو زبردستی اقتدار پر بٹھایا گیا تو ملک کا نقصان ہو گا: خورشید شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے ہر سیاسی جماعت کی خواہش ہوتی ہے کہ وزیراعظم اس کا ہو لیکن اگر کسی کو زبردستی اقتدار پر بٹھایا گیا تو اس سے ملک کا نقصان ہو گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا وزیراعظم ہاؤس آج بھی ان کے ہاتھ میں ہے جن کے ہاتھ میں پہلے تھا۔

ان کا کہنا تھا سیاسی جماعتوں کا استحقاق ہے کہ وہ الگ الگ الیکشن لڑیں یا اتحاد کر کے لیکن کسی کو زور زبردستی لایا گیا تو حکومت نہیں چلے گی، سلیکشن ہوئی تو ملک کا فائدہ نہیں نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ووٹ ڈالتے وقت کسی کی مداخلت نہیں ہوتی، پیپلز پارٹی الزام تراشی کی سیاست نہیں کرتی، ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں، الیکشن میں ہمارا گھوڑا اکیلا ہے، ماضی میں بھی پنجاب کے عوام پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا جیل جانے سے سیاستدانوں کا قد بڑھ جاتا ہے، نواز شریف چار دن جیل چلے جاتے تو ان کا قد بڑھ جاتا۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا ترقی کے دعوے کرنے والوں نے موٹرویز بنانے کے علاوہ کیا کیا ہے؟ اگر کسی کو زبردستی اقتدار میں لایا گیا تو اس سے ملک کا نقصان ہو گا۔

Loading