Daily Roshni News

’کورونا کو اب عالمی سطح پر وبا تصور نہیں کیا جاتا‘، سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا

سپریم کورٹ نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ہے اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کو وقتاً فوقتاً رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے سماعت کی کیس نمٹاتے ہوئے وفاقی وصوبائی حکومتوں کو وقتاً فوقتاً رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا کو عالمی وبا ڈیکلیئر کرنے سے متعلق ایمرجنسی اٹھا لی ہے اور اب اس کو عالمی سطح پر وبا تصور نہیں کیا جاتا ہے۔

عدالت کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کورونا وبا سے متعلق اقدامات کر رہی ہے، حکومت وقت کے ساتھ ایمرجنسی کا نوٹیفکیشن جاری کرتی رہی اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات اٹھائے جاتے رہے۔

عدالت نے کہا کہ کورونا وبا کو ایمرجنسی ظاہر کرنے کا آخری نوٹیفکیشن 30 ستمبر 2022 کو جاری ہوا تھا جب کہ عالمی ادارہ صحت نے بھی اس سے متعلق ایمرجنسی اٹھا لی ہے اس لیے کورونا وبا سے متعلق ازخود نوٹس کیس اور دیگر تمام درخواستیں نمٹائی جاتی ہیں۔

Loading