Daily Roshni News

گال ٹیسٹ: پاکستانی بولرز لنکن بیٹرز پر بھاری، 6 وکٹیں گرگئیں

گال ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکن ٹیم کی اپنی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک سری لنکا نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنالیے تھے، میزبان ٹیم نے پاکستان کی 149 رنز کی برتری ختم کردی ہے تاہم175 رنز پر سری لنکا کے6  کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ہیں۔

چوتھے روز سری لنکا کی جانب سے کھیل کا آغاز  نشان مدشکا اور دیموتھ کرونا رتنے نے کیا  تاہم جلد ہی سری لنکن کپتان  20 رنز پر ابرار کا شکار ہوگئے ،  اس کے بعد نعمان علی نے  کوسل مینڈس کو  18 جبکہ  اینجیلو میتھیوز کو  صرف 7 رنز پر پویلین بھیج دیا ۔

لنچ بریک کے بعد نعمان علی نے  نشان مدشکا کو 52 رنز پر آؤٹ کیا ، سری لنکا کی پانچویں وکٹ 159 رنز پر گری جب  سلمان آغا کی گیند پر   دنیش چندی مال امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، سری لنکا کی اگلی وکٹ بھی سلمان علی آغا کے حصے میں آئی  جب سدیراسمارا وکراما  نے 11 رنز پر عبد اللہ شفیق کو کیچ دیا۔

میچ  کا دوسرا سیشن ختم ہونے تک سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز  بنالیے تھے۔

گال ٹیسٹ کا تیسرا روز اور پاکستان کی 149 رنز کی برتری 

گال ٹیسٹ کے تیسرے روز  پاکستان نے  پہلی اننگز میں 461 رنز بناکر 149 رنز کی برتری حاصل کرتے ہوئے اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی۔

سری لنکا کے 312 رنزکے جواب میں قومی ٹیم نے 461 رنز بنائے، سعود شکیل نے پہلے آغا سلمان کے 177 رنز جوڑے پھر نویں وکٹ پر نسیم شاہ کے ساتھ 94 قیمتی رنز کا اضافہ کیا، وہ 208 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کھیل کے تیسرے روز سعود شکیل نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی تھی  جبکہ سلمان علی آغا 83 رنز بناکر پویلین لوٹے، سعود شکیل  سری لنکا میں ڈبل سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔

 کھیل کا دوسرا روز

سری لنکن اننگز

ٹیسٹ کے  دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے اسکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی ۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین جب کہ آغا سلمان نے ایک وکٹ لی۔

پاکستان کی اننگز

دوسری جانب پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا، عبداللہ شفیق 19 ، امام الحق 1، کپتان بابر اعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے اور شان مسعود نے 39 رنز اسکور کیے ، بعدازاں سعود شکیل اور آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا۔

کھیل کا پہلا روز

گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کیے تھے۔

کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

Loading