Daily Roshni News

پاکستانی میلہ 2024 کے روح رواں سید اعجاز حسین سیفی کی محمد جاوید عظیمی سے ٹیلی فونک گفتگو۔

ہالینڈ، پاکستانی میلہ 2024 کے روح رواں

سید اعجاز حسین سیفی سے روشنی نیوز کے مدیر اعلیٰ

 محمد جاوید عظیمی کی بذریعہ ٹیلی فون خصوصی گفتگو۔۔۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل – نمائندہ خصوصی) اس سال پاکستانی میلہ بروز ہفتہ 10 اگست 2024 کو ہالینڈ کے شہر دی ہیگ کے وسیع و عریض پارک زاودر پاک میں دھوم دھام سے منعقد ہو گا۔ مذکورہ پاکستانی میلے کے روح رواں سید اعجاز حسین سیفی سے معروف آن لائن اردو اخبار کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی نے بذریعہ موبائل گفتگو کے دوران میلے کی تیاریوں سے متعلق استفسار کیا تو انھوں نے بڑی تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ  میلے کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں روزانہ کی بنیاد پر امور سر انجام دیئے جارہے ہیں، کیونکہ میگا ایونٹ ہے اس لئے اس کی تیاریاں بھی بڑے پیمانے  پر ہو رہی ہیں۔ سید اعجاز سیفی نے ایک سوال کے جواب  میں کہاکہ اس میگا ایونٹ پاکستانی میلہ کا آغاز بروز ہفتہ دس اگست کو دن تین بجے کیا جائے گا  اور رات گئے تک یہ  سلسلہ جاری رہے گا۔ اس دوران سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے سفیر پاکستان محترم سلجوق مستنصرتارڑخطاب فرمائیں گے ۔ اپنی گفتگو  کو جاری رکھتے ہوئے مزید بتایا کہ اس میگا ایونٹ کے لئے دو اسٹیج بنائے جارہے ہیں۔پاکستان کے نامور موسیقار اور گلوکار ساحر علی بگاجو خصوصی طور پر پاکستان سے تشریف لا رہے ہیں اپنی آواز سے شائقین میلہ کو محظوظ کریں گے، جبکہ مقامی فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ انھوں نے میلے میں منعقد ہونے والی مزید سرگرمیوں پر بھی تفصیلی  روشنی ڈالی۔ اس میلے کے لئے داخلہ ٹکٹ دس یورو فی کس ہوگا۔گفتگو کے اختتام پر محمد جاوید عظیمی نے سید اعجاز حسین سیفی کا قیمتی وقت دینے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جواباً اعجاز سیفی نے بھی جاوید عظیمی  کا پر خلوص انداز سے دلی شکریہ ادا کیا۔

Loading