Daily Roshni News

ہمارا پاکستان..شرپسندوں، جھوٹ، منافقت اور…فسادی جتھوں کی زد میں !!…بیلاگ تبصرہ۔۔۔ جاوید عظیمی

ہمارا پاکستان

شرپسندوں، جھوٹ، منافقت اور

فسادی جتھوں کی زد میں !!

بیلاگ تبصرہ۔۔۔ جاوید عظیمی

عدلیہ، پارلیمنٹ آمنے سامنے ، گرفتاریاں،سیاسی وفاداریاں ، سرعت سے تبدیل ہونےکے واقعات ، مہنگائی سے عوام پریشان!!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ہمارا پاکستان۔۔۔بیلاگ تبصرہ۔۔۔ جاوید عظیمی) اس وقت وطن عزیز ہمارا پاکستان ہر سطح پر بحرانوں کی زد میں ہے، ہر دن کوئی  نہ کوئی بحران سر اٹھاکر ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ 9مئی2023 کو ہونے والے ملک دشمن واقعات  نے  فسادیوں کے چہروں کو بے نقاب  کر دیا جب کہ ان واقعات میں ان سب کی پاکستان سے دشمنی اور نفرت کو تمام پاکستانیوں کے سامنے کھول کر رکھ دیا اگر ہم ماضی کی تاریخ کو دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم پاکستان بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے انتہائی سیاسی بصیرت اور دانشمندی سے کام لیتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو کسی بھی شرپسند کاروائی سے روک دیا اور نعرہ دیا کہ پاکستان کھپے یعنی پاکستان چاہیے اور پھر انہوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور تحفظ کے لیے مثبت اقدامات کر کے دکھائے لیکن اب سیاسی رہنماؤں عدلیہ اور پارلیمان کے درمیان انا پرستی ،فرعونیت ، مفادات، اقتدار کی جنگ انتہائی عروج پر ہے جو ملک کے لیے  بہت خطر ناک صورتحال ہے ان تمام منفی رویوں سے  بیرون  ممالک میں پاکستان  کی بڑی  ہرزہ سرائی ہو رہی ہے جس کے باعث پاکستانیوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان میں اس وقت جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس سے قبل کبھی بھی اتنی شدت اور نفرت کے ساتھ نہیں ہوا مگر موجودہ صورتحال میں دوسروں سے نفرت کی بدولت نام نہاد سیاسی رہنما کے تکبر فرعونیت، بےہودگی بدزبانی جھوٹ اور منافقت کو فروغ دینے اور سراہنے کے لیے خدمات سرانجام دی  جارہی ہیں ۔ 9 مئی کے باغیانہ  ان واقعات میں بانی پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ کی رہائش گاہ اور اہم فوجی کمانڈر کی عمارت کو شرپسندوں نے  طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت توڑ پھوڑ کے بعد نذرآتش کردیا جبکہ شہدائے پاکستان کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی اور  یقینا  یہ بہت ہی سنگین جرم ہے جو ناقابل معافی ہے جرم ثابت ہونے پر ان شرپسندوں اور فسادیوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر عبرتناک سزائیں دینا اشد ضروری ہے تاکہ آئندہ کوئی بھی  اس طرح کی جرات نہ کر سکے اس کے علاوہ عوام میں یہ مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے کہ ان کے باغیانہ اور  پر  تشدد حملوں میں سرکاری اور غیر سرکاری املاک کے نقصانات کا حرجانہ  ملوث  شر پسند کارکناناور  ان کی پارٹی سے وصول کیا جائے

پاکستانی عوام ایک طرف مہنگائی کے طوفان کا مقابلہ کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب پاکستان میں ہونے والی متذکرہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث  شرپسند عناصر کی کارروائیوں پر صدمے سے دوچار ہیں موجودہ حکومت کو پاکستانی عوام کو ریلیف دینا ہوگا تاکہ بیچاری عوام مہنگائی کے عذاب سے نجات حاصل کر سکے۔ وطن عزیز پاکستان کی موجودہ سنگین صورتحال کے باعث سمندر پار پاکستانی غصے اور کرب  میں مبتلا ہو کر  زندگی بسر کر رہے  ہیں جبکہ مقامی لوگوں کا سامنا کرتے ہوئے شرمندگی محسوس کر رہے ہیں  کیونکہ ہم پاکستانیوں کی پہچان ،شان اور آن صرف پاکستان ہے۔

Loading