Daily Roshni News

ہمیں بچوں کو سب سے پہلی جو چیز سکھانی چاہیے وہ گھر کا فون نمبر

ہمیں بچوں کو سب سے پہلی جو چیز سکھانی چاہیے وہ گھر کا فون نمبر

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )کچھ سامان لے کر دکان سے باہر نکلی تو سامنے  کچھ افراتفری سی محسوس ہوئی ، ایک  خاتون جس کے چہرے کا رنگ فق تھا ،  چادر ڈھلک چکی تھی ، پریشان حال سی کبھی کہیں بھاگتی اور کبھی کہیں ، جو اس کے ہاتھ میں ایک تھیلا سا تھا وہ بھی اس نے گرا دیا ، کچھ خواتین اسے پکڑ کر حوصلہ دینے لگیں ، معلوم ہوا کہ وہ اپنی چھ سالہ بیٹی کے ہمراہ  فٹ پاتھ کے ساتھ لگے سٹالز سے کچھ خریداری کر رہی تھی کہ اس لمحے وہ بےدھیانی میں چلتے چلتے کچھ آگے نکل آئی اور بچی وہیں پیچھے رہ گئی ، وہ دوبارہ اسی جگہ آئی مگر وہ موجود نہ تھی اور بازار میں بے پناہ رش اور ٹریفک تھی ۔

اب وہ بدحواسی کے عالم میں اسے ہر جگہ ڈھونڈ رہی تھی اور ادھر ادھر بھاگتے ہوئے زور زور سے آوازیں دے رہی تھی ۔ میری بچی ،

میں نے اسے روک کر حوصلہ دیا کہ کچھ نہیں ہوتا ، سب اسے ڈھونڈ رہے ہیں ، یہیں آس پاس کہیں ہوگی ، لیکن ماں کے دل کو قرار کہاں ۔۔۔ وہ رونا شروع ہوگئی ۔ ایک دکان دار نے پوچھا بچی کو گھر کا پتا یا فون نمبر یاد ہے ؟ اگر کسی کو ملے تو وہ گھر فون کردے گا ۔ بولیں اسے کچھ نہیں پتا ، فون اور گھر کا ایڈریس نہیں آتا اسے ۔۔۔ اور پھر دیوانوں کی ظرح بھاگتے ہوئے کبھی ایک دکان میں جھانکتی ، کبھی دوسری ۔۔۔ آدھا گھنٹہ گزر گیا تھا ، شام ڈھلنے لگی تھی ۔ مگر ڈھونڈنے کے باوجود وہ بچی نہیں ملی ۔ کسی نے چوک کی مسجد میں اعلان کرانے کے لیے کہا ، اس خاتون کے پاس موبائل بھی نہیں تھا ۔ اس کو ایک دکان دار نے کرسی دی ، پانی کا گلاس تھمایا کہ آپ ادھر بیٹھیں ، ہم اسے ڈھونڈتے ہیں ۔۔ اور اپنے شوہر کا نمبر بتائیں ۔ وہ پانی کا گلاس دھکیلتے ہوئی اٹھ کھڑی ہوئی بولی مجھے سب بھول گیا ہے ۔۔ اور ہذیانی انداز میں اندر تنگ گلیوں کی طرف دوڑ پڑی  ۔۔۔ ساتھ ساتھ روتے ہوئے کہہ رہی تھی ، اندھیرا ہو رہا ہے ، میری بچی ۔۔۔ ہائے بہت ڈرتی ہے ۔۔

2 گھنٹے گزر گئے ہیں ،  مجھے نہیں معلوم اس تڑپتی ماں کو اپنی بچی ملی یا نہیں ، وہ بھی رش میں کہیں ماں کو یقیناً ڈھونڈتے ڈھونڈتے دور نکل گئی ہوگی ، میرا دل کہتا ہے وہ مل جائے گی ، مگر میرے خیالوں سے ماں کا چہرہ نہیں جارہا ۔۔۔

ہمیں بچوں کو سب سے پہلی جو چیز سکھانی چاہیے وہ گھر کا فون نمبر اور ایڈریس ، جو بچہ مشکل سلیبس رٹ سکتا ہے وہ دس ہندسے کیوں نہیں ، آج اگر اس بچی کو فون نمبر یا گھر کا ایڈریس معلوم ہوتا تو کوئی بھلے مانس اس کے گھر والوں تک ضرور پہنچا دیتا ۔ اور دوسری بات ۔۔۔ خواتین بچوں کو ساتھ پلیز رش میں اور بازاروں میں لے جانیں سے گریز کریں ، کبھی بھاؤ تاو کرتے بچوں سے دھیان ہٹ جاتا ہے تو یہ قیامت دیکھنے کو ملتی ہے ۔ اگر مجبوری میں لے جانا ضروری ہو تو ان کی پاکٹس میں پتہ اور فون نمبر لکھ کر ڈال دیا کریں ۔

Loading