Daily Roshni News

یوم پاکستان قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایاگیا ،اسلا مآباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی

 ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایاگیا ،دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ یوم پاکستان پریڈ میں پاک فضائیہ کے جدید طیاروں جے ایف 17، ایف سولہ اور میراج طیارے نے فضائی مظاہرہ کیااور فوجی دستوں نے سلامی پیش کی،آرمی سکول آف میوزک کے دستے نے سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا،پریڈ میں پہلی بار گلگت بلتستان اسکاؤٹس، چین اور آذر بائیجان کے دستے بھی شامل تھے ،یوم پاکستان پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن عبدالعزیز بھی مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ دیکھنے کیلئے اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں موجود رہے۔

تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل رہی جبکہ اس مو قع پر دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔بعد ازاں اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی جانب سے مشترکہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے ، صدر مملکت آصف علی زداری نے مسلح افواج کی مشترکہ مرکزی پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ سعودی عرب کے وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود بھی پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔

یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور فوجی دستوں نے سلامی پیش کی، مسلح افواج کی پریڈ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد بھی شکر پڑیاں گراؤنڈ میں موجود رہی۔مرکزی پریڈ میں مسلح افواج کے جوانوں نے مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، چین اور دوست ملک آذربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل ہوئے۔

تقریب کے دور ان اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کو شاندار انداز میں شرکاء کے سامنے پیش کیا۔آرمی سکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا۔مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شامل تھے، فلائی پاسٹ میں ونگ کمانڈر حسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔

فلائی پاسٹ میں ایف 7 پی جی چیتا اور جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی، جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ پیش کیا۔یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کی تصویروں کے بل بورڈز نصب کیے گئے اور گراؤنڈ کو خصوصی طور پر خوبصورت پھولوں اور پودوں سے سجایا گیا۔یوم پاکستان کی پریڈ میں گلگت بلتستان سکاؤٹس، چین اور آذربائیجان کے دستے بھی شامل ہوئے جبکہ وفاقی اکائیوں کی خوبصورت اور متنوع ثقافت کی نمائندگی کرنے والے روایتی فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ تھے۔

Loading