*یونان میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی
یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصراقبال بسراء )یونان بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ ایتھنز، تھیسالونیکی، کریتی، پاترا اور دیگر شہروں میں مسلمانوں نے نمازِ عید ادا کی اور سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کی۔
ایتھنز میں، جہاں مساجد کی کمی ہے، مسلمانوں نے کھلے میدانوں اور عارضی نمازگاہوں میں نمازِ عید ادا کی۔
عید کے موقع پر مقامی اسلامک سینٹرز اور مساجد میں خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ نماز کے بعد خطبات میں امن، قربانی، اور یکجہتی کا پیغام دیا گیا۔ یونان میں مقیم پاکستانی، بنگلہ دیشی، افغانی، عرب اور دیگر کمیونٹیز نے بھی پرامن ماحول میں اپنے مذہبی فرائض ادا کیے۔
عید کی خوشیوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، اور روایتی انداز میں ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔
یونان میں مقیم مسلمانوں نے عید الاضحیٰ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، جس سے بین الثقافتی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کا مظاہرہ ہوا۔