اسلام آباد: حکومت نے 27 ویں ترمیم پر اتفاق رائے کے لیے اتحادیوں سے رابطے تیز کردیے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیوایم پاکستان، (ق) لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی کے وفود کی الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں جس دوران 27 ویں ترمیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے ایم کیوایم ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نےایم کیوایم پاکستان کےوفد کو27 ویں آئینی ترمیم پراعتماد میں لیا اور ایم کیوایم کے بلدیاتی مسودے کو 27 ویں ترمیم میں شامل کرنےکی یقین دہائی کرائی۔
ترجمان کے مطابق27 ویں ترمیم میں ایم کیوایم کےبلدیاتی آئینی ترمیمی مسودے کومسلم لیگ ن سپورٹ کرے گی۔
دوسری جانب علیم خان کی قیادت میں استحکام پاکستان پارٹی کے وفد کو بھی وزیراعظم نے 27 ویں ترمیم پر اعتماد میں لیا۔
اس کے علاوہ (ق) لیگ کے وفد نے بھی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی سربراہی میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ حکومتی اتحاد 27 ویں آئینی ترمیم پیش کرنے کی تیاری میں ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ویں ترمیم رواں ماہ ہی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرائی جائے گی۔
![]()
