Daily Roshni News

ایک مزاحیہ لیکن سبق آموز کہانی…!

ایک مزاحیہ لیکن سبق آموز کہانی…!

ہالینڈ(ڈٰلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ایک شخص بازار میں صدا لگا رہا تھا، “گدھا لے لو! ایک اشرفی میں گدھا لے لو!گدھا نہایت کمزور اور لاغر تھا۔

اتفاق سے اسی وقت بادشاہ اپنے وزیر کے ساتھ وہاں سے گزرا۔

بادشاہ اس گدھے کے پاس رکا اور پوچھا،

“کتنے میں بیچ رہے ہو؟”

تگڑا گاہک دیکھتے ہی مالک نے فوراً گدھے کے دام بڑھا دیئے۔

وہ فوراً بولا،

“عالی جاہ! دو تھیلی سونے کی اشرفیاں قیمت ہے۔”

بادشاہ حیران رہ گیا۔

“اتنا مہنگا گدھا؟ اس میں آخر ایسی کیا خاص بات ہے؟”

گدھے والے نے ادب سے کہا،

“حضور! جو اس پر بیٹھتا ہے اُسے مکہ اور مدینہ دکھائی دینے لگتے ہیں۔”

بادشاہ کو یقین نہ آیا۔

“اگر تمہاری بات سچ ہوئی تو ہم پانچ تھیلی سونے کی اشرفیاں دیں گے۔

لیکن اگر جھوٹ نکلا تو تمہارا سر اُڑا دیا جائے گا۔”

پھر اُس نے وزیر کو حکم دیا،

“اس پر بیٹھو اور بتاؤ، کیا نظر آتا ہے؟”

وزیر گدھے پر بیٹھنے ہی لگا تھا کہ گدھے والے نے اسے روک دیا اور حقارت سے بولا،

“جناب! مکہ مدینہ کسی گنہگار کو نظر نہیں آتا۔”

وزیر تڑپ کر رہ گیا، غصے سے بولا،

“ہم گنہگار نہیں! ایک طرف ہو!”

وہ بیٹھ گیا، مگر ظاہر ہے کچھ نظر نہ آیا۔

اب وہ سوچنے لگا کہ اگر سچ بتا دیا تو رسوائی ہوگی۔

اچانک زور سے چلایا،

“سبحان اللہ! ما شاء اللہ! الحمدللہ! کیا روحانی منظر ہے مکہ مدینہ کا!”

بادشاہ بے چین ہوگیا۔

“ہٹو! ہمیں بھی دیکھنے دو!”

اور خود گدھے پر بیٹھ گیا۔

لیکن اسے بھی کچھ دکھائی نہ دیا۔

مگر بادشاہ ہونے کا پردہ رکھنا ضروری تھا۔

وہ آنکھوں میں آنسو بھر کر بولا،

“واہ میرے مولا! کیا کرامت ہے!

میرا وزیر تو صرف مکہ مدینہ تک پہنچا،

مجھے تو ساتھ ساتھ جنت بھی دکھائی دے رہی ہے!”

بادشاہ کے اُترتے ہی عوام ٹوٹ پڑی،

کوئی گدھے کو چھونے لگا،

کوئی چومنے لگا،

کوئی اس کے بال کاٹ کر تبرک کے طور پر رکھنے لگا۔

ہمارے معاشرے میں بھی ایسے ہی کچھ جعلساز اور مکار پھرتے ہیں۔

دین کا نام، دینی اصطلاحات اور کرامتوں کی کہانیاں استعمال کر کے لوگوں کو دھوکا دیتے ہیں،

اور سادہ لوح عوام اندھے کانے بن کر ان کے پیچھے چل پڑتی ہے۔

اور پھر ایک وقت آتا ہے کہ انہیں سچے ولی اللہ اور ڈھونگی پیروں میں فرق ہی نظر نہیں آتا۔

ایک ولی اللہ ہمیشہ شریعت کا پیکر ہوتا ہے، اگر اس کا فعل شریعت کے متضاد ہے تو وہ پیر یا ولی نہیں…

صرف ایک ڈھونگی شیطان ہے جو مسلمانوں کو جہنم کی طرف دھکیل رہا ہے۔ اللہ رب العزت ہمیں سچے اولیاء کی پہچان اور عزت و تکریم کی توفیق عطا فرمائے

The End

  اگر آپ کو پوسٹ پسند آئی ہو تو ایک لائیک ضرور کریں اس سے ہمیں خوشی ہوتی ہے باقی آپ فالو کرنے میں تو اچھی خاصی کنجوسی کرتے ہیں سو آپکی مرضی دل کرے تو کر دینا فالو ، شُکریہ خوش رہیں آمین

Loading