Daily Roshni News

گل پلازہ کے 2 فلور کلیئر، اب تک 26 لاشیں برآمد، 81 لاپتا افراد کی تلاش جاری

گل پلازہ کے 2 فلور کلیئر، اب تک 26 لاشیں برآمد، 81 لاپتا افراد کی تلاش جاری

پاکستان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل)کراچی: گل پلازہ میں فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکاروں کی کارروائیاں جاری ہیں جہاں دو فلورز کو کلیئر کردیا گیا ہے۔

کراچی کے ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر  جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ آگ سے متاثر ہونے والے گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور اور پہلے فلور کو کلیئر کردیا گیا ہے۔

دوسرے اور تیسرے فلور میں داخلے کی کوشش کررہے ہیں، کٹر کی مدد سے گرل کاٹ رہے ہیں: ڈپٹی کمشنر

ڈی سی نے بتایا کہ دوسرے اور تیسرے فلور میں داخلے کی کوشش کررہے ہیں، کٹر کی مدد سے گرل کاٹ رہے ہیں۔

جاوید نبی کھوسو کے مطابق رات مزید دو لاشیں ملی ہیں جس کے بعد آگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہو گئی جب کہ لاپتا افراد کی تعداد 81 ہوگئی ہے،  کچھ نام دو دفعہ شامل ہیں، فی الحال 74 لاپتا افراد کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا ہے کہ  اب تک 20 لاشیں سول اسپتال لائی گئی ہیں، 14 لاشوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں اور 14 میں سے 7 لاشوں کی شناخت مکمل ہوچکی ہے، ساتویں لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ کے ذریعے ممکن ہوئی۔

پولیس سرجن کے مطابق متوفین کی شناخت کے لیے 48 اہل خانہ کے نمونے مل چکے ہیں،  تمام نمونے سندھ فارنزک ڈی این اے لیبارٹری بھیجے ہیں،  ڈی این اے ٹیسٹ انٹرنیشنل سینٹرفارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی میں ہوں گے،  جائے وقوعہ سے کچھ انسانی اعضاء بھی لائے گئے جن پر کام جاری ہے۔

دل دہلا دینے والے انکشافات

متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ عمارت کے کُل 26 داخلی و خارجی دروازے ہیں ، رات دس بجے تمام گیٹ بند کرکے صرف دو دروازے کُھلے رکھے جاتے ہیں۔

کوئی ایمرجنسی ایگزٹ نہیں تھا اور آگ انتہائی تیزی سے پھیل رہی تھی: دکاندار

دکانداروں نے بتایا کہ المناک سانحے کے وقت عمارت میں موجود لوگوں کو معمول کے مطابق 26 میں سے 24 دروازے بند ملے ، کوئی ایمرجنسی ایگزٹ نہیں تھا اور آگ انتہائی تیزی سے پھیل رہی تھی، پوری مارکیٹ میں دھواں ہی دھواں بھر چکا تھا۔

دکانداروں نے بتایا کہ آگ کے وقت بجلی بند تھی، کسی کو کچھ سمجھ آرہا تھا، نہ نظر نہ آ رہا تھا، بھگدڑ مچی ہوئی تھی، دھوئیں کی وجہ سے محصور افراد کو سانس لینے میں شدید دشواری تھی۔ واقعے کے وقت دکانوں پر ورکرز اور گاہک موجود تھے۔

آگ لگنے کے کچھ دیر بعد کچھ لوگ بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑے: دکاندار

دکانداروں کے مطابق آگ لگنے کے کچھ دیر بعد کچھ لوگ بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑے، دکانداروں نے بہت سے لوگوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ہی عمارت سے باہر نکالا۔

Loading