Daily Roshni News

توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین توہین الیکشن کمیشن کیس میں پیش ہوئے اور انہوں نے الیکشن کمیشن کو بتایا کل میں سمجھا کہ مجھے ایک ریکارڈ ملا ہے لیکن آج معلوم ہوا کہ فائل میں دونوں ریکارڈ موجود تھے۔

شعیب شاہین نے کہا کہ ذاتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ہے، جس پر ممبران الیکشن کمیشن نے پوچھا کہ اگلی سماعت پر آجائیں گے؟ شعیب شاہین نے جواب دیا کوشش ہو گی۔

وکیل عمران خان کا کہنا تھا اگلی سماعت ستمبر میں رکھ لیں، ہماری چھٹیاں ہیں آج کل، جس پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا اگست کی تاریخ لیں، پھر ہم مصروف ہو جائیں گے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ کے نمائندے نے کہا کہ مجھے ایک ریکارڈ چاہیے، دونوں ریکارڈ ای سی پی کے پاس تیار تھے۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال جانا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کئی دنوں سے روزانہ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔

ممبر کمیشن نے کہا کہ آج تو چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنا تھی، کیس کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کر رہے ہیں، 22 اگست کو ہی فرد جرم عائد کریں گے، فرد جرم عائد کرنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری لازمی ہے۔

Loading