Daily Roshni News

کتاب: امربیل۔۔۔ مصنفہ۔۔۔۔بانو قدسیہ

کتاب: امربیل

مصنفہ: بانو قدسیہ

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ کتاب: امربیل۔۔۔ مصنفہ۔۔۔۔بانو قدسیہ )بانو کی یہ کتاب دس مختلف کہانیوں پر مشتمل ہےـ جو انسانی نفسیات اور معاشرے کے تضادات کی بیشتر پرتوں کو کھولنے کی سعی ہیں ـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

۱- ہو نقش اگر باطل

عطیہ، ڈاکٹر اور زمبا کی محبت کی ایک ایسی تکون جس میں تینوں ایک دوسرے کے احترام میں سب کچھ جانتے بوجھتے ہوئے بھی خاموش رہےـ جہاں تینوں ہی دوسرے کو تکلیف پہنچانے کے ڈر سے خود قطرہ قطرہ پگھلتے رہےـ عطیہ جسے اپنے ڈاکٹر شوہر سے محبت تھی ـ ڈاکٹر بھی ابتداً بیوی کا گرویدہ تھا مگر پھر زمبا کے آنے کے بعد سب بدل گیاـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

۲- سوغات

نیک سیرت شریفاں اور بدکردار ٹرک ڈرائیور تاجے کی کہانی جو تمام بُری خصلتوں کے باوجود اپنی بیوی شریفاں سے محبت کا دعویدار ہے اور علاقے علاقے کی سوغاتیں لا کر اپنی محبت کا یقین دلانے کی کوشش بھی کرتا ہےـ بساوقات وہ شریفاں کی پاکدامنی سے جلنے بھی لگتا ہےـ ایسے ہی ایک جھگڑے نے ایسا موڑ لیا کہ تاجا اور شریفاں ایک دوسرے کی محبت میں گناہ و ثواب کے ایک ہی مرتبے پر آ گئےـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

۳- کتنے سو سال

کرنیل کور جس کا بھائی ہربیل کور اپنی مسلمان بیاہی بصری پر دل ہار بیٹھاـ بصری جس نے سوڈھی سردار ہربیل سنگھ پر اپنے تیلی شوہر کو ترجیح دی ـ اور کرنیل کور، جو بچپن سے ہی بصری کی پرورش میں رہی اور جو باقاعدہ مسلمان ہو کر ہجرت کے دیر بعد تک بھی اپنے سِکھ ہونے کا طعنہ سنتی رہی ـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

۴- سامان شیون

ان امرا کی کہانی بیان کرتا ایک شخص جو ہر آسائش ہونے کے باوجود دکھ کے بہانے تلاشتے ہیں کیونکہ اذیت بھی اسی قدر اہم ہے جس قدر خوشی ـ کس طرح مال و دولت، اور بڑے گھروں کے یہ مکین تنہائی اور خود اذیتی کا شکار رہتے ہیں ـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

۵- پریم جل

فاطمہ جس نے محب پر محبوب کی ترجیح دی ـ مگر بلند و بالا خوابوں اور امنگوں کے جواب میں مایوسی کے سوا کچھ نہ ملاـ اور پھر جس نے خود اپنے محب کے لیے ایک ایسی لڑکی تلاش کرنا شروع کر دی جس کے خواب نہ ہوں ـ جو صرف روٹی، کپڑا اور مکان کے وعدے پر آئےـ کیونکہ یہ وہ شخص تھا جسے فاطمہ کے سامنے اپنے آنسوؤں تک پر اختیار نہ تھاـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

۶- موج محیطِ آب میں

مینا کی کہانی جسے اپنی بہنوں کے برخلاف شادی کے نام پر فقط جسمانی تعلق ملاـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

۷- سمجھوتہ

اکہتر کے عام جنگی قیدی کی کہانی، وہ لوگ کہ جنہیں مشرق والوں نے سراہا نہ مغرب والوں نے قبول کیاـ جنہیں اپنی مردانگی پسِ پشت رکھ کر ہتھیار ڈالنے پڑےـ اور اب جنہیں تاعمر اس اذیت کی کاٹ سہنی ہےـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

۸- ناخواندہ

قدرے احساسِ کمتری کا شکار ایک شخص جو اپنی مشرقیت برقرار رکھنا چاہتا ہے مگر دلائل میں کبھی بھی اپنی آزاد خیال بیوی سے جیت نہیں پاتاـ اور جسے زندگی کی تلخیوں کی حقیقت سے آشنا ہونے کے باوجود یونیورسٹی اسٹیج پر کھڑا ہو کر نوجوان نسل کو امید کے پھول دینے پر معمور کر دیا جاتا ہےـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

۹- امربیل

چھوٹی معصوم زری کی کہانی جو اپنی عمر سے کہیں بڑے آصف سے محبت کر بیٹھی ـ آصف جس نے کبھی محبت کو سنجیدہ نہ لیا تھا اور پھر جو ایک دن ماہ رُخ کے سامنے خود کو ہار گیاـ مگر ماہ رُخ کے ذریعے زری کی محبت کو پہنچ گیا وہ بھی تب جبکہ بہت دیر ہو چکی تھی ـ

ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ

تبصرہ✍🏻: آسیہ ججّہ

Loading