Daily Roshni News

برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے بعد مری میں دھوپ نکل آئی

برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے بعد مری میں دھوپ نکل آئی، یخ بستہ ہوائیں بھی رک گئیں۔ مزید سیاحوں کو مری آنے کی اجازت ملے گی یا نہیں، فیصلہ آج دن 2 بجے تک کیا جائے گا۔

مری، گلیات اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ ختم ہو گیا اور اس کے بعد مری میں دھوپ بھی نکل آئی، جس سے ملکہ کوہسار پر سفید چادر سی چھا گئی اور قدرتی مناظر دیکھنے والوں کے لیے دلکش ہو گئے۔ تاہم، مری جانے والے راستے اب بھی سیاحوں کے لیے بند ہیں اور انہیں کھولنے یا سیاحوں کو اجازت دینے کا فیصلہ آج دوپہر کو کیا جائے گا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران رش کو ختم کرنے اور باقی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں مصروف ہیں۔ شہریوں اور سیاحوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس جانب سفر سے گریز کریں تاکہ حادثات اور مزید مشکلات سے بچا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا فیصلہ کریں اور غیر ضروری مشکلات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

Loading