Daily Roshni News

فرانس ،  پاکستانی نژاد عمر یعقوب نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد میئر کا حلف اٹھا لیا ۔۔۔۔

فرانس ،  پاکستانی نژاد عمر یعقوب نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد میئر کا حلف اٹھا لیا ۔۔۔۔

پیرس۔   فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک) فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم اور تاریخی لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب پاکستانی نژاد رہنما عمر یعقوب نے میئر کے عہدے کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔ وہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پیرس کے نواحی علاقے کرائی سے میئر منتخب ہوئے تھے، اور اس کامیابی نے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل کی ہے۔

حلف برداری کی پروقار تقریب کرائی کی میئری میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس تاریخی کامیابی کو بھرپور انداز میں سراہا اور عمر یعقوب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اپنے پہلے خطاب میں نومنتخب میئر عمر یعقوب نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی اولین ترجیحات میں شہر کی ترقی، عوامی مسائل کا حل اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی کا فروغ شامل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سب کو ساتھ لے کر ایک مضبوط، پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کام کریں گے۔

تقریب میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے عمر یعقوب کو اس نمایاں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے لیے باعث فخر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اوورسیز پاکستانیوں کی محنت، صلاحیت اور مثبت کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کمیونٹی رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ عمر یعقوب اپنی قیادت میں نہ صرف مقامی سطح پر ترقیاتی کاموں کو فروغ دیں گے بلکہ پاکستانی کمیونٹی کی مؤثر نمائندگی بھی یقینی بنائیں گے۔۔             رپورٹ منیر احمد ملک۔       پیرس فرانس

Loading