وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ نے سندھ کے اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار دو دن تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سردار شاہ نے کہا کہ سندھ میں نیا تعلیمی سال کل سے شروع ہو گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہفتہ کی چھٹی کا فیصلہ آئندہ حکم نامہ جاری ہونے تک نافذ العمل رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور طلبہ کو متوازن تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ، اساتذہ اور والدین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والا تعلیمی سال کامیابیوں اور بہتری کا باعث بنے گا۔
دوسری جانب ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق موسمِ بہار کی تعطیلات کے بعد یکم اپریل سے تمام جامعات میں فزیکل کلاسز دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔
اسلام آباد میں بھی نجی تعلیمی اداروں کو یکم اپریل سے معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ تدریسی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہوں گی۔
ایچ ای سی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے مقررہ تاریخ سے باقاعدہ کلاسز کا آغاز یقینی بنائیں۔
![]()
