Daily Roshni News

ایف 16 طیارے : ہمیں یقین ہے کہ اب روس یہ جنگ ہار جائے گا، زیلنسکی

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ امریکی ایف سولہ طیاروں کے حصول کے بعد ہم روس کو شکست دے دیں گے۔

زیلینسکی کا ڈنمارک میں ڈینش پارلیمنٹ کے باہر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکی ساختہ ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے وعدے کے بعد انہیں یقین ہے کہ یوکرین افواج روسی حملوں کا مؤثر جواب دے سکتی ہیں اور آج ہمیں یقین ہے کہ روس یہ جنگ ہار جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈنمارک اور نیدرلینڈز نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وہ یوکرین کو پہلے ایف 16 طیارے فراہم کریں گے، ابتدائی چھ طیارے نئے سال کے آغاز پر فراہم کیے جائیں گے، زیلنسکی کے کوپن ہیگن کے دورے سے قبل واشنگٹن نے جیٹ طیاروں کی ترسیل کی منظوری دے دی تھی۔

قبل ازیں روس نے خبردار کیا تھا کہ یوکرین کو امریکی جیٹ طیاروں کی فراہمی سے 18 ماہ سے جاری جنگ مزید بڑھے گی، روسی افواج یوکرین کے تقریباً پانچویں حصے پر قابض ہیں اور یوکرین انہیں باہر نکالنے کے لیے سخت جدوجہد کر رہا ہے۔

روسی سفیر ولادیمیر باربن نے نیوز ایجنسی کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ڈنمارک نے اب یوکرین کو 19 ایف-16 طیارے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے تنازعہ میں مزید کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔”

اس حوالے سے یوکرائنی میڈیا نے فضائیہ کے ترجمان یوری احناٹ کے حوالے سے کہا کہ فضا میں برتری زمین پر کامیابی کی کلید ہے۔ یوکرین کے فوجی حکام نے کہا ہے کہ یہ جیٹ طیارے اس کی جوابی کارروائی کی کامیابی کے لیے اہم ہیں کیونکہ یہ طیارے روسی لڑاکا طیاروں کو پیش قدمی کرنے سے روکنے کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔

ڈنمارک کے وزیر دفاع جیکوب ایلیمن جینسن نے کہا کہ یوکرین عطیہ کیے گئے ایف-16 طیاروں کو صرف اپنی حدود میں استعمال کرسکتا ہے۔ ہم ہتھیار اس شرط کے تحت عطیہ کرتے ہیں کہ وہ صرف دشمن کو یوکرین کی سرزمین سے باہر نکالنے کے لیے استعمال کیے جائیں اور اس سے آگے نہیں۔ چاہے وہ ٹینک ہوں، لڑاکا طیارے ہوں یا کچھ اور۔

واضح رہے کہ ڈنمارک مجموعی طور پر یوکرین کو 19 جیٹ طیارے فراہم کرے گا، نیدر لینڈ کے پاس 42 ایف 16 طیارے موجود ہیں لیکن ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ آیا ان سب کو عطیہ کیا جائے گا یا نہیں۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس فیصلے کو ایک ’بریک تھرو معاہدہ‘ قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی ڈنمارک کے سکریڈ اسٹرپ ایئر بیس پر ایک ایف سولہ لڑاکا طیارے کے کاک پٹ میں چڑھ گئے۔ ان کے ساتھ ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹ فریڈرکسن بھی موجود تھیں۔

Loading