Daily Roshni News

ایران نے مقامی طور پر تیار کیے گئے جدید ڈرون مہاجر 10 کی رونمائی کر دی

ایران نے مقامی طور پر تیار کئے گئے خرمشہر اور حاج قاسم میزائلوں کے ساتھ مہاجر 10 ڈرون کی رونمائی کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جارحیت میں ملوث ہاتھ کاٹ دیئے جائیں گے۔

جدید ڈرون 2 ہزار کلومیٹر آپریشنل رینج کے ساتھ، 24 گھنٹے تک پرواز کی خاص صلاحیت کے ساتھ تیز ترین رفتار کا حامل ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایرانی ڈرون مہاجر-10 تین سو کلوگرام تک پے لوڈ لے جانے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔

تقریب رونمائی میں وزیر دفاع اور مسلح افواج کے کمانڈربھی شریک ہوئے، صدر رئیسی کا افواج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ہم سب کی کوششوں سے ملک کے وقار، عزت اور طاقت میں اضافہ ہوگا۔

ایرانی صدر رئیسی نے ”یا حسین” کوڈ کے ساتھ خرمشہر اور حاج قاسم اسٹریٹجک میزائلوں سپاہ پاسدران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس میں شامل کرنے کا حکم جاری کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کی جانب سے ایران پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ یوکرین کے خلاف جنگ میں ایران کی جانب سے روس کو بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں کے علاوہ مہاجر-6 ڈرونز بھی فراہم کیے گئے تھے تاہم ایران کی جانب سے امریکا کی طرف سے لگائے الزامات کو مسترد کردیا گیا تھا۔

Loading