Daily Roshni News

ایران کا رواں برس تین سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کا فیصلہ

ایران نے رواں برس تین سیٹیلائٹ خلا میں بھیجنے کا اعلان کردیا ہے، اس حوالے سے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیرمحمد رضا آشتیانی کا کہنا ہے کہ ایران کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے جو سیٹیلائٹ مدار میں بھیج سکتے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈیرمحمد رضا آشتیانی نے کہا کہ افغانستان، عراق، شام اور دوسری جس جگہ بھی دشمنوں کا سامنا ایران سے ہوا ان کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں، انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے پاس بہت زیادہ ساز و سامان ہے لیکن اس کے باوجود ان کی بوکھلاہٹ عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنی طاقت کی اعلی ترین منزل پر ہے اس لئے دشمن کو کسی بھی طرح کی حماقت کا خیال اپنے دماغ سے نکال دینا چاہئے۔ایران نے گزشتہ چار عشروں کے دوران خلائی ٹیکنالوجی میں مسلسل ترقی و پیش رفت کی ہے۔

اگرچہ دشمنوں نے گونا گوں پابندیوں کے ذریعہ خلائی ٹیکنالوجی سمیت ایران کی سائنسی اور اقتصادی ترقی و پیش رفت کے آگے بند باندھنے کی کوشش کی لیکن ہر طرح کی پابندیوں اور دباؤ کے باجود ایران نے مختلف قسم کی خلائی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرلی ہے اور یہ ایران کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ روز مقامی طور پر تیار کئے گئے خرمشہر اور حاج قاسم میزائلوں کے ساتھ مہاجر 10 ڈرون کی رونمائی بھی کی تھی۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جارحیت میں ملوث ہاتھ کاٹ دیئے جائیں گے۔

جدید ڈرون 2 ہزار کلومیٹر آپریشنل رینج کے ساتھ، 24 گھنٹے تک پرواز کی خاص صلاحیت کے ساتھ تیز ترین رفتار کا حامل ہے۔

Loading