Daily Roshni News

قانونی دستاویزات کے حامل افغان مہاجرین کو جبری واپس نہ بھیجا جائے: وزارت سیفران

وزارت سرحدی و ریاستی امور (سیفران) نے صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے قانونی دستاویزات کے حامل افغان مہاجرین کو جبری واپس نہ بھیجنے کی ہدایات جاری کردیں۔

افغان مہاجرین کی مبینہ گرفتاریوں کے معاملے پر وزرات سیفران نے خط میں لکھا کہ تمام صوبے یقینی بنائیں کہ قانونی افغان مہاجرین کو ہراساں نہ کیا جائے، پروف آف رجسٹریشن اور افغان سیٹیزن کارڈ والوں کو عارضی طور پر رہنے کی اجازت ہے۔

سیفران کے مراسلے کے مطابق قانونی دستاویزات کے حامل مہاجرین کی واپسی رضاکارانہ بنیاد پر ہی ہوسکتی ہے۔

وزارت سیفران نے اپنے خط میں تمام صوبوں کو اس معاملے میں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ قانونی افغان مہاجرین کو گرفتار اور ہراساں نہ کریں۔

Loading