ن لیگ کے سینیئر رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے سب کے مل کر کام کرنے کی جو بات کی ہے، اس میں پی ٹی آئی شامل ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیاپاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی کی گئی بات میں پی ٹی آئی شامل ہے لیکن 9 مئی کا مجرم ٹولہ اس میں شامل نہیں۔
انہوں نے دوران گفتگو کہا کہ کیا 9 مئی کے ملزمان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی وجود نہیں؟
واضح رہے کہ نواز شریف چار سال بعد ہفتےکو پاکستان واپس آئے ہیں، وطن واپسی پر ن لیگ کی جانب سے لاہور میں مینار پاکستان پر جلسےکا انعقاد کیا گیا۔
جلسے سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے دل میں انتقام کی تمنا نہیں، قوم کی خدمت کرنا چاہتاہوں، ہمیں ڈبل اسپیڈ سے دوڑنا ہوگا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زخم اتنے لگے ہیں کہ انھیں بھرتے بھرتے وقت لگےگا، میرے دل میں انتقام کی تمنا نہیں، میری تمنا ہے میری قوم خوشحال ہو، میں اس قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک کو پھر جنت بنائیں گے، ہمارا بیانیہ پوچھنا ہے تو ہماری اخلاقیات سے پوچھو، ریاست کے ستونوں کو آئین کےمطابق مل کرکام کرنا ہوگا۔