Daily Roshni News

پاکستان کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچنے کا آسان فارمولا کیا ہے؟

ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کونسی چار ٹیمیں کھیلیں گی؟ صورتحال اب تک واضح نہیں ہو سکی ہے۔

اگر پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو بھارت پہلے، جنوبی افریقا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر ہے لیکن اس کے باوجود ابھی تک سیمی فائنل کی چار ٹیمیں فائنل نہیں ہو سکی ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر موجود پاکستان کے ٹاپ فور میں جگہ بنانے کے لیے آسان سا فارمولا یہ ہے کہ پاکستان اپنے چاروں میچز جیت لے۔

اگر پاکستان تین میچز جیتا تو گرین شرٹس کو اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہو گا، پاکستان دو میچز جیت کر بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے لیکن یہ ایک معجزہ ہو گا۔

ورلڈ کپ میں پانچ میچز جیتنے والا بھارت بھی ابھی تک سیمی فائنل میں نہیں پہنچا ہے اور نہ پانچ میں سے چار میچز ہارنے کے بعد انگلینڈ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوا ہے۔

اگر مگر کی صورتحال برقرارہے، میگا ایونٹ میں اگر بھارت، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تو چوتھی ٹیم کے لیے پاکستان، آسٹریلیا، سری لنکا اور انگلینڈ میں رسا کشی ہو گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ جنوبی افریقا 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر ہے، آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا اور پاکستان کے 4، 4 پوائنٹس ہیں تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر لنکن ٹائیگرز پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا چھٹا میچ آج جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گا، آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔

Loading