Daily Roshni News

جھو ٹے نبی ۔۔۔تحریر ۔۔۔حمیرا علیم

 ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل ۔۔۔ عنوان ۔۔۔جھو ٹے نبی ۔۔۔تحریر ۔۔۔حمیرا علیم )پرسوں کسی نجی نیوز چینل ہر فیصل آباد کی ایک خاتون کا بڑا عجیب و غریب اور جاہلانہ بیان سنا جس کے مطابق وہ ایسی نبی ہے جس کی نعوذ باللہ شادی اللہ تعالٰی سے ہوئی ہے اسے خواب میں نبوت دی گئی تاکہ وہ ہمیں دین سکھا سکے۔ اور کل ان خاتون کی بہن صاحبہ باپردہ ایک بڑے لگژری فرنیچر والے کمرے سے مخاطب تھیں کہ وہ اس جھوٹی نبی کی بہن اور  اس نبوت کی شریک ہیں ۔یہ دونوں خواتین یا ان کا سارا خاندان نہ تو کسی بھی رخ سے نفسیاتی مریض لگتا ہے نہ ہی غریب کہ ایسا دعوی کر کے کوئی فنانشل فائدہ اٹھانا چاہتا ہو۔

   کیونکہ نفسیاتی یا ذہنی مریض کی سب سے آسان پہچان یہ ہے کہ وہ سب سے پہلے اپنے حلیے سے لاپرواہ ہو جاتا ہے۔پھر اردگرد کے ماحول سے جبکہ یہ دونوں خواتین خاصی فیشن ایبل اور متمول گھرانے کی لگ رہی ہیں۔اور ان کے کمرے بھی صاف ستھرے ہیں۔سوائے ان کے ذہن کے ہر چیز ٹھکانے پر ہے۔

   میں نہ تو کوئی مفتی ہوں نہ ہی جج لیکن بحیثیت ایک عام مسلمان کے جس نے قرآن و سیرت طیبہ پڑھ رکھی ہے میرے پاس اللہ کی وحدانیت اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے آخری نبی ہونے کے بالکل سادے سے دو ثبوت ہیں۔سورہ الاخلاص۔اور  سورۃ احزاب  کی آیت نمبر40  ہے: ترجمہ: ’’محمد تمہارے مَردوں میں سے کسی کے باپ نہیں لیکن اﷲ کے رسول ہیں اور سب نبیوں کے خاتم  ہیں۔‘‘

 اس کے علاوہ بھی کئی آیات و احادیث سے یہ بات ثابت ہے کہ اسلام آخری  الہامی مذہب، قرآن  آخری  الہامی کتاب اور نبی صلعم آخری نبی ہیں۔جب اللہ تعالٰی نے فرما دیا کہ آج تمہارا دین تمہارے لیے مکمل کر دیا اور قیامت تک کے لیے اب یہی دین رہے گا تو پھر کیسے کوئی بھی مرد یا عورت یہ سب کچھ کہہ سکتا ہے جو کہ یہ خواتین کہہ رہی ہیں۔

    اس سے پہلے بھی بہت سے مردوزن نے ایسے بیکار دعوی کیے ہیں۔چند ماہ پہلے ایک مسلمان پہلے یہودی بنا پھر اس نے دعوی کر دیا کہ مجھے خواب میں موسی علیہ السلام آتے ہیں اور احکام الٰہی دیتے ہیں پھر اس نے نبوت کا دعوی ہی کر دیا۔

ایسے واقعات دیکھنے کے بعد قادیانی مذہب کی ایجاد کا واقعہ ذہن میں آ جاتا ہے جب انگریز نے مسلمانوں کو دین سے دور کرنے کے لیے ایک کلرک کو بتدریج عالم سے نبی کے عہدے تک پہنچایا اور انتشار پھیلاو راج کرو کے مقولے پر عمل پیرا ہو کر ہندوستان میں راج کیا۔

    وہ دور تھا برطانوی راج کا لیکن آج تو ہم اسلام کے نام پر لی گئی مسلم ریاست میں رہتے ہیں کیا وجہ ہے کہ آج بھی پاکستان میں ایسے دعوی دار خوردرو کھمبیوں کی طرح اگتے ہیں؟؟؟ کیا ہم عقیدہ ختم نبوت بھلا بیٹھے ہیں یا اتنے بے غیرت ہو گئے ہیں کہ کوئی بھی اٹھ کر نبی صلعم کی ذات پر حملہ کر دے ہماری بلا سے۔

    اگر یہ کوتاہی حکومت کی ہے تو حکومت سے تو کسی اچھے کی امید ہی عبث ہے۔لیکن کم از کم عدالتیں تو اپنا کام کریں۔عقیدہ ختم نبوت کا قانون موجود ہے اس سے روگردانی کی سزا بھی لیکن جو چیز موجود نہیں وہ ہے قوانین پر عمل۔

   بخدا اگر پاکستان میں ایک بھی اسلامی قانون پر عمل کیا جائے تو جرائم کی شرح کئی گنا گھٹ جائے گی۔لیکن اصل مسئلہ ہی یہ ہے کہ پاکستان میں نہ تو شرعی نہ ہی ملکی قانون پر عمل ہوتا ہے جس سے جرائم پیشہ ذہنیت کے لوگوں کو شہ ملتی ہے کہ اگر دوسروں نے یہ جرم کیا اور نہ پکڑے گئے نہ سزا ملی تو ہم بھی کر لیتے ہیں۔

   عدالت اور ججز ذرا ہمت پکڑیں اور کسی قاتل، ریپیسٹ،  زانی اور نبوت کے دعوی دار کو سر عام پھانسی دیں رجم کریں پھر دیکھیے کیسے سارے سانپ کبھی باہر نہ آنے کے لیے بلوں میں جا گھستے ہیں ۔

    میں شاید پانچ چھ سال کی ہوں گی۔جب ضیا دور میں چند لوگوں نے ایک چھوٹے بچے کو اغواء کرنے کے بعد قتل کر دیا تھا۔اور انہیں سرعام پھانسی دی گئی تھی۔اگرچہ میں نے یہ واقعہ دیکھا نہیں بس اپنے بڑوں سے سنا تھا لیکن مجھے یاد ہے کہ اس کی دہشت لوگوں پر سالوں طاری رہی تھی۔ایران میں سالہا سال کوئی مجرمانہ حملہ نہیں ہوتا۔ایک شخص نے خاتون پر تیزاب پھینک کر اسے جلا دیا تو جج نے فورا گرفتار کروا کر سزا سنا دی کہ خاتون بھی اس پر اسی طرح تیزاب ڈال کر جلا دے۔

   افغانستان ،جہاں بدنام زمانہ طالبان کی حکومت ہے ، میں ایک بچی اغواء ہو جاتی ہے پولیس اسے بازیاب کرواتی ہے موقع پر ہی بچی سے مجرموں کی شناخت کروائی جاتی ہے اور انہیں سزا دی جاتی ہے۔ سعودیہ کے ایک شہزادہ کا قتل کے جرم میں سر عام سر تن سے جدا کر دیا جاتا ہے۔

کیا یہ سب لوگ کسی اور سیارے کی مخلوق ہیں جو اپنے ملک میں امن و سلامتی کے لیے بڑے آرام سے حد مقرر کر دیتے ہیں۔اور ہم اس دنیا کی بے بس ترین قوم اور حکومت ہیں کہ کوئی یہاں کچھ بھی کر لے ہمارے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔

   اپنے آقاؤں کو خوش کرنے ان کی جوتیاں چاٹنے سے آپ اس دنیا کے ہر کونے میں اپنے محل کھڑے کر سکتے ہیں ہر ملک میں فارن کرنسی اکاونٹ بھر سکتے ہیں۔لیکن یاد رکھیے کفن میں کوئی جیب نہیں ہوتی آپ ان میں سے ایک پائی بھی ساتھ نہیں لے جا سکتے۔اور قبر میں پہلا سوال اللہ کی ربوبیت کے بعد نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے خاتم النبیین ہونے کی بابت ہی ہو گا۔پھر آپ اس مرحلے کو کیسے سر کریں گے۔

      خواب غفلت سے جاگیے اور کچھ ایسا کیجئے جو روز قیامت ہمیں نبی صلعم کے سامنے شرمندگی سے بچائے اور حوض کوثر پر ان کے ہاتھوں پانی پلائے۔

    عوام کو ایسے معاملات اپنے ہاتھ میں لے کر خدا بننے کی ضرورت نہیں کہ بلاتحقیق کسی پر بھی شک کی بناء پر یا دشمنی کے باعث الزام لگا کر زندہ جلا دیا جائے۔لیکن جو لوگ واضح ثبوت کے ساتھ گستاخی رسول کے مرتکب ہوں۔انہیں عدالتوں سے فوری اور قرار واقعی سزا ملنی چاہیے ۔

Loading