منہاج القرآن دی ہیگ کے زیر ِاہتمام محفل ذکر
معروف نعت خواں سید فصیح الدین سہروردی کی خصوصی
نعت خوانی ، عاشقان ِ رسول کی کثیر تعداد میں شرکت،
فلک شگاف نعروف سے مسجد گونج اٹھی۔۔۔!!
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔جاوید عظیمی ۔۔۔تصاویر۔۔۔چوہدری بنارس علی) عالمی شہرت یافتہ نعت خواں سید فصیح الدین سہروردی یورپ کے دورے کے سلسلے میں آجکل ہالینڈ میں موجود ہیں، ہالینڈ کے مختلف شہروں کی مساجد اور اسلامی مراکز کے زیر اہتمام محافل نعت کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ دنوں بروز جمعتہ المبارک یکم دسمبر 2023کو منہاج القرآن دی ہیگ کے زیر اہتمام ہفتہ وار محفل ذکر کی پروقار تقریب میں معروف نعت خواں سید فصیح الدین سہروردی کو خصوصی نعت خوانی کے لئے مدعو کیا گیا ، معروف نعت خواں نے ابتدائی کلمات میں متذکرہ مرکز کے منتظمین کا مدعو کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا بعدازاں ایک گھنٹے کے دورانیے کی خصوصی نعت خوانی کے دوران اپنے محترم ریاض الدین سہروردیؒ، حضرت سلطاب باہوؒ، حضرت احمد رضا خان بریلوی، پیر نصر الدین نصیرؒ اور دیگر شعراء کے نعتیہ اور عارفانہ کلام اپنے دلنشین ترنم میں پیش کرکے عاشقان رسول پر روحانی کیف طاری کر دیا مسجد کے درودیوار فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھے۔ سید فصیح الدین سہروردی نے جب معروف کلام میں تو پنجتن کا غلام ہوں، شروع کیا تو حاضرین نے بھی باآواز بلندہم آواز ہو کر ذوق شوق سے پڑھنا شروع کر دیا جس سے محفل جھوم اٹھی ۔ ایک گھنٹہ مکمل ہونے پر نعت خواں نے اختتامی کلمات میں حاضرین کے ذوق شوق کر سراہا۔ منہاج القرآن دی ہیگ کے امام و خطیب علامہ یاسر نسیم قادری نے نقابت کے فرائض سر انجمام دیتے ہوئے مہمان نعت خواں سید فصیح الدین سہروردی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ڈھیروں دعاؤں کیساتھ ان کی آمد اور نعت خوانی کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔محفل کے اختتام کے قریب علامہ یاسر نسیم نے ذکر جہر کروایا اور اجتماعی دعا مین فلسطین کے نہتے مسلمانوں کی حفاظت اور شہیدوں کے لئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی مناجات پیش کیں۔ قبل ازیں محفل ذکر کا آغاز تلاوت پاک سے کیا گیا جبکہ مقامی نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں نعتوں کی صورت میں محبتوں کے پھول بھی نچھاور کئے۔
پروگرام کے اختتام پر مرکز کی جانب سے لذت کام ودہن کے سلسلے میں حاضرین محفل کی تواضع لذید عمدہ لنگر محمدی سے کی گئی۔
یاد رہے اس پروگرام کی کوریج دیگر میڈیا کے ساتھ ساتھ معروف آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی اور فوٹو گرافر چوہدری بنارس علی نے محنت شاقہ سے کی ۔