Daily Roshni News

ہم سب کا پاکستان۔۔۔بیلاگ تبصرہ ۔۔۔محمد جاوید عظیمی

ہم سب کا پاکستان

انا پرستی،فرغونیت،مفادات،گھیراؤجلاؤ

اور ہوس اقتدار عروج پر ہے۔۔۔۔۔

بیلاگ تبصرہ ۔۔۔۔۔۔جاوید عظیمی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ہم سب کا پاکستان۔۔۔بیلاگ تبصرہ ۔۔۔محمد جاوید عظیمی ) آج سے 40سال قبل ہمارے  وطن عزیز پاکستان میں ادب و احترام ،محبت ،شفقت ،ایک دوسرے کا احساس، ہمدردی ،وفاداری ،ملنساری، جذبہ ایثار، بلند اخلاق ،علمی و ادبی اور شعر و سخن کا ذوق رکھنے والے خواتین و حضرات کا دور دورہ تھا۔ مگر گزشتہ چار سال سے پاکستانی معاشرے میں منفی خیالات کے حامل لوگوں نے ان تمام معاشرتی اقدار کو پس پشت ڈال کر سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے پاکستانی معاشرے میں بالخصوص نوجوانوں کے ذہنوں کو یکسر تبدیل کر کے اپنے مفادات کے لئے استعمال کرنا شروع کر دیا جس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ،

نوجوان چونکہ دوراندیش نہیں ہوتے چنانچہ وہ ان مفاد پرست اور اقتدار کے بھوکے نام نہاد لیڈروں کے آسانی سے اعلی کار بن جاتے ہیں متذکرہ نام نہاد لیڈران نوجوانوں کو پرکشش تنخواہیں دے کر اپنا گرویدہ  بنا لیتے ہیں نواجوان اس حصار میں آکر اچھے برے کی  تمیز سے فارغ ہوکر لیڈر کے بتائے گئے فرمان پر عمل پیرا ہونے پر فخر کرتے ہیں لیڈر کے حکم پر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں شامل ہو کر ملک کا نقصان کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اپنے لیڈر سے شاباشی کلمات سننے کے لئے بے تاب رہتے ہیں۔ 9مئی 2023 کو ہونے والا دلخراش سانحہ اس میں وہ عمل کیا گیا جو 75 سال سے ہمارا ازلی دشمن بھارت بھی کرنے کی جرات نہ کر سکا جن خواتین و حضرات نے اس میں حصہ لیا وہ کسی طور بھی محب وطن پاکستانی نہیں ہو سکتے

اچھا اور محب وطن پاکستانی وہ ہوتا ہے جو اپنے وطن کو خوب سے خوب تر بنانے کے لیے جدوجہد کرتا ہے بلکہ کوئی وطن کی چیزوں کی توڑ پھوڑ کرے تو اس کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑا ہو جاتا اور مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان بھی قربان کر دیتا ہے نوجوانوں اور  نا عا قبت اندیش لوگوں کا لیڈر اگر اپنے مفادات کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے  اور اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہو تو پھر ایسے سانحات جنم لیتے ہیں اس وقت پاکستان کے حالات انتہائی سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں اس لئے تمام سیاسی رہنماؤں کو ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان میں امن و امان قائم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے میں اپنا کردار ادا کرناہوگا کیونکہ پاکستان ہم سب کا ہے اس لئے اس کے تحفظ کی ذمہ داری بھی تمام پاکستانیوں کی ہے آج افواج پاکستان کا ہر شعبہ اور ہر فوجی ملک کی سالمیت کے لئے ہمہ وقت  اپنی خدمات سرانجام دینے میں مصروف عمل ہے یہ وہ فوج ہے  جو ملک اور ہمارے تحفظ کے لیے سرحدوں پر جاگتی

اور ہم سب سکون کی نیند سوتے ہیں وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و تحفظ کے لیے جن شہداء نے  جانوں کے نذرانے پیش کئے ان کا احترام پوری پاکستانی  قوم  پر لازم و ملزوم ہے تاہم 9مئی 2023 کو جن   لوگوں نے بھی شہداء کے مجسموں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ ہرزہ سرائی بھی کی ان قومی   مجرموں کو عبرتناک سزائیں دینا وقت کا تقاضہ ہے کیونکہ یہ ایک غیر معمولی جرم ہے جو نہ صرف ناقابل  برداشت  ہےبلکہ ناقابل معافی جرم ہے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حکومت نے ان مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے آئے دن    بلا تفریق بڑے پیمانے پر گرفتاریاں شروع کر دی ہیں جن کی تعداد ہزاروں تک چلی گئی ہیں جبکہ کئی افراد نے توڑ پھوڑ جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مارکا اعتراف  کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کچھ ہم نے پی ٹی آئی کی قیادت کے حکم پر کیا ہے

مگر اب ہم شرمندہ ہیں اور معافی کے طلب گار ہیں اعتراف اور شرمندگی کا اظہار کرنے والوں کی اکثریت نوجوانوں کی ہے افسوس کے ان نوجوانوں کا برین واش کر کے انہیں پاکستان اور افواج پاکستان سے نفرت کرنے کے لئے تیار کیا گیا جو انتہائی خطرناک اقدام ہے دیکھا جا ئے تو ان نوجوانوں کا قصور کم جبکہ ان لیڈران کا قصور بہت زیادہ ہے جنہوں نے انہیں نفرت سے بھر کر ریاست پاکستان کے سامنے لڑنے مرنے کے لیے کھڑا کر دیا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ان تمام واقعات حالات کو سامنے رکھا جائے تو ان شر پسندوں نے اپنی انا پرستی تکبر، ہوس، اقتدار اور اپنے مفادات کے حصول کے لیے ہمارے پیارے وطن پاکستان کے وجود کو خطرے میں ڈال دیا ہے جس پر ہر محب وطن پاکستانی شدید ذہنی دباؤ اور قلبی تکلیف میں مبتلا ہیں کیونکہ ہم سب کی پہچان پاکستان سے اللہ تعالی کے بعد ہمارے وطن کی سالمیت اور بقا کی ضامن ہماری افواج ہیں۔

اللہ تعالی وطن کی حفاظت کرنے والوں کو بھی سلامت رکھے اور افواج پاکستان کے ساتھ ہم سب پاکستانی شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان مخالف شرپسندوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم  کرتےہیں اللہ تعالی کی بارگاہ میں مناجات پیش کرتے ہیں

یا اللہ ہمارے وطن عزیز پاکستان کو اندرونی بیرونی دشمنوں، دہشتگردوں ،اور شرپسندوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ فرما کر اس کو سلامتی کے ساتھ خوشحالی اور ترقی عطا فرمانا آمین ثمہ آمین۔

روشن و رخشاں نیرو تاباں پاکستان رہے۔

جب تک سورج ، چاند ہے باقی جب تک یہ جہان رہے۔

پاکستان زندہ باد

افواج پاکستان پائندہ باد

Loading