Daily Roshni News

وزیر اعظم کے قریبی ساتھی نے 2 دن بعد عمران خان کی رہائی کا امکان ظاہر کر دیا

وزیر اعظم کے قریبی ساتھی نے 2 دن بعد عمران خان کی رہائی کا امکان ظاہر کر دیا، بانی تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف عدت کیس کا فیصلہ 27 جون کو سنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی 27 جون کو جیل سے باہر آسکتے ہیں۔

 رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے کوئی طوفان نہیں آجائے گا، لیکن ملک کی بہتری ان کے اندر رہنے میں ہے، حکومت کی کوشش ہوگی کہ جتنا ممکن ہو بانی پی ٹی آئی کو اندر ہی رکھا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کو سزائیں عدالت سے ہی ہوئی ہیں، ہم آئین و قانون کے مطابق انہیں اندر رکھیں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈ کیسز میں پہلے ہی ضمانت مل چکی۔ منگل کے روز احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری کردی۔احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈز نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرا دیئے گئے ، جس کے برف احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے عمران خان کی ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری کردیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے 15 مئی کو عمران خان کی ضمانت منظور کی تھی، تاہ، بانی پی ٹی آئی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے باعث رہا نہیں ہو سکے۔ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی نے نااہلی کیخلاف زیر التوا درخواست پر جلد سماعت کیلئے درخواست دائر کردی۔ تحریک انصاف کےوکیل علی ظفر نے جلد سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی ، جس میں کہا گیا کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور سب سے بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ ہے، ان کو نااہل کرنے کےبعدپارٹی سربراہ سے ہٹانے کی کارروائی جاری ہے۔

درخواست میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن احکامات کے خلاف اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات زیر التواہیں، سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کی وجہ سے ہائیکورٹس میں کاروائی آگے نہیں بڑھ پا رہی۔ دائر درخواست میں کہا گیا کہ مقدمات کی وجہ سے درخواست گزار چیرمین پی ٹی ،ممبر اسمبلی منتخب نہیں ہو پا رہا اور زیر التوااپیل کی وجہ سے درخواست ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیخلاف اپیل جلدسماعت کیلئے مقرر کی جائے۔

Loading