Daily Roshni News

“خدا تمہیں بہت نوازے !”

“خدا تمہیں بہت نوازے !”

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )  حال ہی میں، میں نے ایک ماں اور بیٹی کو ان کے آخری لمحات میں ہوائی اڈے پر ایک دوسرے سے گفتگو کرتے ہوئے سنا جبکہ بیٹی کی روانگی کا اعلان کیا جا چکا تھا۔  وہ حفاظتی گیٹ کے پاس کھڑے ہو کر گلے ملیں اور ماں نے کہا:

  “میں تم سے پیار کرتی ہوں اور میری دعا ہے کہ خدا تمھیں بہت نوازے ۔”

  بیٹی نے جواب دیا، “ماں، ہماری کافی سے زیادہ زندگی ایک ساتھ گزری ہے۔ مجھے آپ کی محبت کی ہمیشہ ضرورت رہتی ہے ۔ میری بھی دعا ہے کہ خدا  آپ کو بہت نوازے، ماں۔”  انہوں نے ایک دوسرے کا بوسہ لیا اور بیٹی چلی گئی۔

  ماں کھڑکی کے پاس چلی آئی جہاں میں بیٹھا تھا۔  وہاں کھڑے ہو کر، میں دیکھ سکتا تھا کہ وہ رونا چاہتی تھی اور اسے رونے کی ضرورت تھی۔

  میں نے اس کے تخلیہ میں دخل اندازی نہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے یہ پوچھ کر میرا خیرمقدم کیا، “کیا آپ نے کبھی کسی کو الوداع کہا ہے  یہ جانتے ہوئے کہ یہ جدائی ہمیشہ کے لیے رہے گی؟”  “ہاں، میں نے کہا ہے،” میں نے جواب دیا۔  ” لیکن مجھے یہ پوچھنے کے لیے معاف کیجئے کہ  یہ ہمیشہ کے لیے الوداع کیوں ہے؟”

  “میں بوڑھی ہو چکی ہوں اور وہ بہت دور رہتی ہے۔ میرے سامنے مشکلات ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ اگلا سفر میری آخری رسومات کے لیے ہو گا۔”

  جب آپ الوداع کہہ رہی تھیں، میں نے آپ کو یہ کہتے سنا، “میری خواہش ہے کہ خدا آپ کو بہت نوازے ۔”  کیا میں پوچھ سکتا ہوں کہ اس کا کیا مطلب ہے؟”

  وہ مسکرانے لگی۔  “یہ ایک دعا ہے جو نسل در نسل چلی آ رہی ہے ۔ میرے والدین یہ بات سب سے کہتے تھے۔”  اس نے ایک لمحہ رک کر اوپر دیکھا جیسے اسے تفصیل سے یاد کرنے کی کوشش کر رہی ہوں اور وہ مزید  مسکرا دیں۔

  “جب ہم نے کہا کہ ‘میری خواہش ہے کہ خدا آپ کو نوازے ،  تو ہم چاہتے تھے کہ دوسرے شخص کی زندگی اتنی اچھی چیزوں سے بھر جائے جو اسے زندہ رکھنے کے لیے کافی ہوں۔ ”  پھر میری طرف متوجہ ہو کر، اس نے یادداشت کے اوراق سے پڑھتے ہوئے مجھے مندرجہ ذیل نظم سنائی

  “میری خواہش ہے کہ تمھارے سر پر سورج چمکتا رہے تاکہ زندگی کی راہیں روشن رہیں۔

  میری خواہش ہے کہ تمھیں کافی بارشیں سیراب کریں تاکہ تم سورج کے وجود کے مزید معترف ہو جاؤ ۔

  میں تمھاری روح کو زندہ رکھنے کے لیے ڈھیروں خوشیوں کی خواہش کرتی ہوں۔

  میری خواہش ہے کہ تم کچھ  درد سے آشنا ہو  تاکہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں بہت بڑی نظر آئیں۔

  میری خواہش ہے کہ اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے تمھیں بہت سا نفع حاصل ہو۔

  میری خواہش ہے کہ اپنے پاس موجود تمام چیزوں کی قدر کرنے کے لیے تمھیں کچھ خسارہ ہو۔

  میری خواہش ہے کہ  آخری الوداع کی آزمائش سے گزرنے کے لئے بہت سے استقبال تمھارے منتظر ہوں۔”

  پھر وہ رونے لگی اور چلی گئی۔

  وہ کہتے ہیں نا کہ کسی خاص شخص کو ڈھونڈنے میں ایک لمحہ لگتا ہے۔  ان کی تعریف کرنے کے لئے ایک گھنٹہ۔  ان سے پیار کرنے کے لیے ایک دن۔  اور  ان کو بھلانے کے لیے ساری زندگی۔

  مصنف: باب پرکس

Loading