Daily Roshni News

اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق خبر کی تردید کر دی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق خبر کی تردید کر دی ہے۔

ایک ٹی وی پروگرام میں اسد قیصر نے کہا کہ جو میڈیا میں آیا ہے بانی پی ٹی آئی نے وہ نہیں کہا ہے۔

اینکر نے ان سے کہا کہ ہمارے رپورٹر وہاں موجود تھے ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے یہ بات کی ہے۔

اسد قیصر نے اینکر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بہرحال ہم اس بات کی تردید کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 14 مارچ کو میرے گھر زمان پارک پر پولیس اور رینجرز نے حملہ کیا، میرے وکلا نے یقین دہانی دی تھی کہ ہم شامل تفتیش بھی ہوں گے گرفتاری بھی دیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس پر پھر پولیس نے مجھ پر دھاوا بولا، جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر شیلنگ کی گئی۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ مجھے گرفتار کیا جائے گا، اپنی گرفتاری سے قبل جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کی کال دی تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ لانے سے بہتر ہے مارشل لاء لگادیں، ویسے بھی غیر اعلانیہ مارشل لاء نافذ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنے وکلا کو کچھ پوائنٹس بتاتا ہوں اسی بنیاد پر غیرملکی جریدے میں انٹرویو چھپا۔

Loading