Daily Roshni News

داخلی سیاست میں مداخلت، ہونڈراس کا امریکا سے 100 سال پرانا معاہدہ ختم کرنیکا اعلان

وسطی امریکی ملک ہونڈراس کا امریکا سے 100 سال پرانا قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ہونڈراس کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں امریکی سفیر کی جانب سے ہونڈارس اور وینزویلا کے دفاعی حکام سے متعلق بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن کے ساتھ ایک صدی سے بھی پرانا قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وسطی امریکی ملک کی وزیر خارجہ اینرک رینا کی جانب سے سوشل میڈیا پر ری پبلک آف ہونڈراس کی جانب سے امریکا کو قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ختم کرنے سے متعلق آگاہ کرنے کا خط شیئر کیا گیا۔

قبل ازین ہونڈراس کے صدر زومارا کاسترو نے بھی بین الاقوامی معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکا کی اپنے ملک میں مداخلت کی مذمت کی تھی۔

زومارا کاسترو نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا تھا کہ امریکا کی اپنے سفیر کے ذریعے ہمارے ملک کی سیاست میں براہ راست مداخلت ناقابل برداشت ہے تاہم امریکی سفارتخانے کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ ہونڈراس میں امریکی سفیر لورا ڈوگو نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہونڈراس کے وزیر دفاع جوز مینوئل زلایا کی وینزویلین ہم منصب ولادمیر پیڈرینو پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ میں حیران ہوں کہ وہ منشیات کے اسمگلرز کے ساتھ مل رہے ہیں۔

Loading