Daily Roshni News

وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے آج خطاب کریں گے، اہم خطاب سے قبل وزیراعظم کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیرِاعظم کی برطانوی ہم منصب سرکئیراسٹارمر سے ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے برطانوی ہم منصب کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پاکستان کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن کی صدر سے ملاقات میں مشترکہ اہداف کیلئے تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
فوٹو: پی آئی ڈی

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو کے خاتمے، ڈیجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت کیلئے گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم نے جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائن پر فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی تعاون بڑھانے اور گیس پائپ لائن پراجیکٹ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے ورکنگ گروپ پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہبازشریف کی امریکی بینکاروں اورپاکستان بزنس کونسل کے عہدیداروں سے  بھی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری، کاروبار کے فروغ سےمتعلق بات چیت ہوئی۔

کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑکا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق امور زیر غور  آئے۔

 پاکستان میں امریکا کی سابق سفیر این پیٹرسن نے کہا کہ ملاقات مفید رہی۔

 وزیراعظم نے لیڈر شپ فار پیس مباحثے سے بھی خطاب کیا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی روکنے پر مجبور کرنا ہوگا۔

Loading