ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل قبول ہونے کے امکانات مزید روشن ہوگئے۔
بھارتی خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر جے شاہ کی سربراہی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کے تجویز کردہ ‘ہائبرڈ ماڈل’ کو تسلیم کرنے کے امکانات ہیں۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی میچ کی میزبانی پاکستان کرے گا جب کہ بقیہ میچز سری لنکا میں کرائے جائیں گے۔
پاکستان ایشیاکپ کے 4 میچز کی میزبانی لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کرے گا ، بقیہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے تاہم اگر ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم آتی ہے تو فائنل بھی سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا کہ اے سی سی منگل کو ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
تاہم ہائبرڈ ماڈل کے قبول ہونے کے بعد پاکستان کو بھی اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کھیلنے جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارت نے اپنی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس پر پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا تھا جس کے تحت بھارت کو اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی اجازت تھی۔
اس کے علاوہ یہ بھی امکان ہے کہ آئندہ ہفتے ایشیاکپ کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔