Daily Roshni News

پی ٹی آئی احتجاج کے دوران اسپتال لائے گئے زخمی اور جاں بحق افراد کی فہرست سامنے آگئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران اسپتال لائے گئے زخمی اور ہلاک ہونے والے افراد کی فہرست سامنے آگئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران گزشتہ روز سکیورٹی اہلکاروں اور پی ٹی آئی ورکرز کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ پورا دن جاری رہا تاہم رات دیر گئے پولیس کے آپریشن کے بعد پی ٹی آئی رہنما اور ورکرز اسلام آباد سے بھاگ گئے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پولیس سے جھڑپوں میں پارٹی ورکرز کی ہلاکتوں سے متعلق متضاد بیانات سامنے آئے۔

پی ٹی آئی رکن اسمبلی شیر افضل مروت کی جانب سے احتجاج کے دوران 12 ورکرز کی ہلاکت کا بتایا گیا جبکہ پی ٹی آئی ترجمان کی جانب سے 8 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا گیا۔

تاہم اب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کی فہرست سامنے آگئی ہے۔

حکام پولی کلینک اسپتال کے مطابق پولی کلینک میں 2 لاشیں اور 26 زخمی لائے گئے، پولی کلینک لائے گئے تمام افراد کو گولیاں لگی ہیں، زخمیوں میں بیشتر کا تعلق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے ہے۔

حکام پولی کلینک اسپتال کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زخمیوں کی تعداد سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں،  گولیوں اورگرینیڈ سے ہلاک افراد پر سوشل میڈیاکی خبروں کی تردیدکرتے ہیں، پولی کلینک اسپتال سے متعلق ایسی غیرمصدقہ خبروں کو جعلی سمجھا جائے۔

 پمز اسپتال  اسلام آباد کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 28 زخمی سویلین اور 2 لاشیں لائی گئیں، پمز اسپتال میں ایف سی کے 27 زخمی اہلکار لائے گئے، پمز اسپتال میں 3 شہید رینجرز اہلکاروں کی میتیں بھی لائی گئیں۔

Loading