سلاسل کی دینی جدوجہد اور نظام تربیت
عیسائی اور مسلمان:
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ انتخاب۔۔۔محمد آفتاب سیفی عظیمی آسٹریا)ایک روز حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رح ایک محلے سے گزرے وہاں ایک عیسائی اور ایک مسلمان دست و گریباں تهے. پوچھا:
“کیوں لڑ رہے ہو؟”
مسلمان نے کہا:
” یہ کہتا ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے افضل ہیں اور میں کہتا ہوں کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سب سے افضل ہیں.”
حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رح نے عیسائی سے دریافت کیا:
” تم کس دلیل کے ساتھ حضرت عیسی علیہ السلام کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر فضیلت دیتے ہو؟”
عیسائی نے کہا :
” حضرت عیسی علیہ السلام مردوں کو زندہ کرتے تھے.”
بڑے پیر صاحب رح نے فرمایا :
” میں نبی نہیں ہوں بلکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا غلام ہوں اگر میں مردہ زندہ کر دوں تو تم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لے آؤ گے.”
عیسائی نے کہا :
” بے شک میں مسلمان ہو جاؤں گا “
اس کے بعد حضرت عبدالقادر جیلانی رح نے فرمایا …… مجھے کوئی پرانی قبر دکھاؤ.
عیسائی، حضرت عبدالقادر جیلانی رح کو پرانے قبرستان میں لے گیا اور ایک پرانی قبر کی طرف اشارہ کرکے کہا :
” اس قبر کے مردہ کو زندہ کرو “
حضرت غوث پاک رح نے فرمایا :
قبر میں موجود یہ شخص دنیا میں موسیقار تھا. اگر تم چاہو تو یہ قبر میں سے گاتا ہوا باہر نکلے گا .”
عیسائی نے کہا :
” ہاں میں یہی چاہتا ہوں “
حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رح قبر کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا :
” قم باذن اللہ “
قبر پهٹ گئی اور مردہ گاتا ہوا قبر سے باہر آ گیا اور عیسائی حضرت شیخ کی یہ کرامت دیکھ کر مسلمان ہو گیا.
علمی توجیہہ:
اس کرامت کی علمی توجیہہ یہ ہے کہ ہم جسے آدمی کہتے ہیں وہ گوشت پوست کے پنجرہ سے بنا ہوا پتلا ہے اس پتلے کی حیثیت اسی وقت تک برقرار ہے جب تک کہ پتلے کے اندر روح ہے. روح نکل جائے تو ہم اس کو زندہ آدمی نہیں کہتے .
اللہ تعالی کا ارشاد ہے :
” ہم نے انسان کو سڑی ہوئی مٹی سے بنایا اور اس میں اپنی روح پھونک دی.”
روح اللہ کا امر ہے .
سورہ یاسین میں اللہ تعالی نے امر رب کی تعریف یہ فرمائی ہے :
” اس کا امر یہ ہے کہ جب وہ کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو کہتا ہے ہوجا اور وہ ہو جاتی ہے ” اس کی EQUATION یہ بنی …….. آدمی پتلا ہے ، پتلا خلاء ہے ……. خلاء میں روح ہے روح امر رب ہے اور امر یہ ہے کہ جب وہ کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو کہتا ہے ” ہوجا ” اور وہ چیز مظہر بن جاتی ہے . اللہ تعالی نے حضرت شیخ محی الدین عبدالقادر جیلانی رح کو روح اور تخلیقی فارمولوں کا علم عطا کیا ہے . حضرت شیخ نے اسرار و رموزالہیہ کے اس فارمولے کے مطابق جب فرمایا :
قم باذن اللہ . تو مردہ قبر سے باہر نکل آیا .
کتاب احسان و تصوف حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی مدظلہ العالی