Daily Roshni News

کیا جگر خون بناتا ہے ؟ (نہیں بھی اور ہاں بھی!!!)

کیا جگر خون بناتا ہے ؟ (نہیں بھی اور ہاں بھی!!!)

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )خون ایک مکسچر ہے، جس میں خون کے خلیے اور خون کا مائع حصہ اور مختلف پروٹینز ہوتے ہیں۔ تقریباً یہ سارے پروٹینز جگر میں بنتے ہیں۔ گویا کہ خون کا ایک حصہ جگر میں بنتا ہے۔ جبکہ بالغ انسان میں خون کے خلیے (یا خلیے نما) بون میرو یعنی ہڈیوں کے سرخ گودے میں بنتے ہیں۔

اب آتے ہیں اس بات کی طرف کہ “جگر خون نہیں بنا رہا”

تو ہوتا کچھ یوں ہے کہ جگر کے پاس وہ چیزیں سٹور ہوتی ہیں جو خون کے خلیے (خصوصاً سرخ خلیے) بنانے کے لیے ضروری ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر آئرن، جو کہ سرخ خلیوں (میں موجود ہیموگلوبن) کا کلیدی حصہ ہوتا ہے۔ آپ جو خوراک کھاتے ہیں اس میں جو آئرن ہوتا ہے وہ آپکے نظام انہضام سے ہوکر آپکے جگر میں سٹور ہوتا ہے، نظام انہضام سے کتنا آئرن جذب کرنا ہے اس معاملے میں بھی جگر کا اہم کردار ہوتا ہے۔ ہمارے سرخ خلیوں کی عام عمر 120 دن ہوتی ہے، جس کے بعد وہ تلی (سپلین) میں جاکر ٹوٹ جاتے ہیں، انکے ٹوٹنے سے جو آئرن نکلتا ہے وہ بھی آکر جگر میں سٹور ہوتا ہے۔ آئرن کو خون کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ لے کر جانے والے پروٹین (transferrin) بھی جگر ہی پیدا کرتا ہے۔ پورے جسم میں آئرن کی مقدار کو کنٹرول کرنے والا اہم ہارمون hepcidin بھی جگر ہی پیدا کرتا ہے۔

اس کے علاؤہ کچھ اہم وٹامنز ہوتے ہیں جیسا کہ بی 12 اور بی 9 بھی خون کے خلیے پیدا کرنے کے لیے اہم ہوتے ہیں۔ یہ وٹامنز بھی زیادہ تر جگر میں ہی سٹور ہوتے ہیں اور لمبے عرصے تک سٹور رہتے ہیں، اور ضرورت کے مطابق جگر سے خارج ہوتے ہیں اور خون کے خلیے بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یعنی آپکا جگر خود خون میں موجود اہم پروٹینز بناتا ہے، اور اسکے ساتھ ساتھ خون کے خلیے بنانے کے لیے اہم چیزوں کو اپنے اندر سٹور کرتا ہے اور ان کا لیول بھی کنٹرول کرتا ہے۔

اس لیے جگر میں کوئی خرابی ہوتی ہے تو اس سے اکثر خون کی کمی (اینیما) ہو جاتا ہے، تب کہہ لیا جاتا ہے کہ جگر خون نہیں بنا رہا، جس کا اصل مطلب ہوتا ہے کہ “جگر خون بنانے میں اپنا کردار ادا نہیں کر رہا۔”

پھر ایسا ہوتا ہے کہ جگر کی بیماری (خاص کر cirrhosis) کی وجہ سے تلی میں بھی مسلہ آجاتا ہے اور تلی میں خون کے خلیوں کا ٹوٹنا بڑھ جاتا ہے، جس سے خون کے خلیوں کی کمی یعنی اینیما ہو جاتا ہے۔

باقی ماں کے رحم میں خون کے خلیے بھی زیادہ حد تک جگر میں بنتے ہیں، پیدائش سے کچھ وقت پہلے یہ کام بون میرو سنبھالتا ہے۔۔۔

#وارث_علی

Loading