اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن اور نیمل خاور خان کی نند فضیلہ عباسی نے اپنی بھابھی کے چہرے کی سرجری کرنے کی تردید کردی۔
کچھ روز قبل نیمل خاور کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس میں مداحوں کا دعویٰ تھا کہ اداکارہ نے ناک کی سرجری کروالی ہے، کئی دن تک نیمل ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کرتی رہیں۔
ٹوئٹر پر متعدد صارفین نے حمزہ علی عباسی کی بہن ڈرماٹولوجسٹ فضیلہ عباسی کو نشانہ بنایا، صارفین نے الزام عائد کیا کہ نیمل کی سرجری ان کی نند فضیلہ نے کی ہے، جہاں اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہیں فضیلہ پر بھی کڑی تنقید کی گئی۔
تاہم اب فضیلہ عباسی نے اس تنازع پر انسٹاگرام پر اپنا آفیشل بیان جاری کیا ہے۔
ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ‘ڈاکٹر فضیلہ اور ان کا کلینک کسی خاص سرجری/طریقہ کار سے متعلق حال ہی میں پیدا ہونے والے تنازع سے متعلق باضابطہ طور پر دستبرداری کا اعلان کرتا ہے، انہوں نے اس قسم کی کوئی سرجری نہیں کی’۔
انسٹاگرام پر جاری بیان میں لکھا گیا ‘یہ مضحکہ خیز تنقید اور قیاس آرائیاں بلا جواز اور مکمل طور پر غیر ضروری ہیں’۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ‘یہ واقعی بدقسمتی اور افسوسناک ہے کہ کس طرح بے بنیاد اور غلط مفروضے سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کی شبیہ کو داغدار کرنے اور ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگیوں پر حملہ کرنے کے لیے پھیلائے جاتے ہیں’۔
دوسری جانب اگر اداکارہ نیمل خاور کی بات کی جائے تو اداکارہ کی جانب سے اب تک براہ راست اس حوالے سے کسی قسم کی وضاحت پیش نہیں کی گئی۔
البتہ ان کی تصاویر پر جہاں منفی تبصروں کا سلسلہ جاری ہے وہیں متعدد مداح ان کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔
ایک صارف نے ان کی پوسٹ پر کہا ‘آپ خوبصورت ہیں، ان منفی باتوں سے خود کو افسردہ مت کیجیے گا، آپ قدرت کے ان نظاروں کے ساتھ خوبصورت نظر آرہی ہیں،آپ اب بھی ویسی ہی ہیں، ہمیشہ پراعتماد اور مضبوط رہیں’۔
اس تبصرے کے جواب میں نیمل خاور نے مداح کا شکریہ ادا کیا اور کہا ‘میری خواہش ہے کہ کاش آپ کی طرح اور بھی لوگ سوشل میڈیا پر مہربان رویہ اختیار کرتے’۔