Daily Roshni News

دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت میں 6 ماہ کے دوران 850 ارب ڈالرز کا اضافہ

2023 کی پہلی ششماہی کے دوران دنیا کے 500 امیر ترین افراد کی دولت میں مجموعی طور پر 852 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے جون 2023 کے دوران دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت میں روزانہ اوسطاً 14 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔

یہ جولائی سے دسمبر 2020 کے بعد دنیا کے امیر ترین افراد کے لیے بہترین ششماہی ثابت ہوئی ہے۔

یکم جنوری سے 30 جون کے دوران ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کی دولت میں سب سے زیادہ 96.6 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔

دوسرے نمبر پر میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ رہے جن کی دولت میں اس عرصے کے دوران 58.9 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔

دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت میں اضافے کی بنیادی وجہ مختلف ممالک میں شرح سود میں اضافے کے عمل کو روکنا تھا۔

اسی طرح آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے باعث بھی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا۔

اس کے برعکس بھارت کے گوتم اڈانی 6 ماہ کے دوران 60.2 ارب ڈالرز سے محروم ہوگئے۔

گوتم اڈانی کی دولت میں تیزی سے کمی کی وجہ ایک امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی ہندن برگ کی 25 جنوری کو جاری ہونے والی رپورٹ تھی۔

اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اڈانی گروپ دہائیوں سے اسٹاک مارکیٹ میں ہیرا پھیری اور اکاؤنٹنگ فراڈ اسکیم میں ملوث ہے۔

Loading