Daily Roshni News

پاکستان نور ہےنور کو زوال نہیں۔۔۔تحریر۔۔۔جاوید عظیمی

پاکستان نور ہے

نور کو زوال نہیں۔۔۔!!

تحریر۔۔۔جاوید عظیمی

دو قومی نظریے پر قیام عمل میں آنے والی ریاست وطن عزیز پاکستان کے خلاف بھارت نے روز اول سے ہی سازشوں کا آغاز کر رکھا ہے جس کا تسلسل ہنوز جاری ہے ۔ اس وقت بھارت  پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان پر جارحیت اور فوجی حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ جس واقعے  کو بنیاد بنا رہا ہے اس کی سازش بے نقاب ہوگئی۔کیونکہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی بین الاقوامی منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی پیشکش کردی۔اس کے جواب میں بھارت نے خاموشی اختیارکر کے اس واقعے کے جھوٹا ہونے پر مہر ثبت کر دی۔ اس کے باوجود بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کرکے مساجد  اور بے گناہ شہریوں کو شہید کر دیا ۔ پاکستانی افواج نے اس حملے کے جواب میں دفاعی حق استعمال کرتے ہوئے  دشمن کے پانچ لڑاکا جنگی طیارے جن میں رافیل طیارے بھی تھے مار گرائے۔ پاکستان نے بھی جوابی حملے میں بھارت کو بڑی حد نقصان پہنچایا ۔ یہاں تک کہ چیک پوسٹ کی تباہی کے بعد بھارتی فوجیوں نےسفید جھنڈا لہرا دیا۔

اتنے بڑے پیمانے پر نقصان دیکھ کر بھارت نے فوری طور پر سعودی عرب اور امریکہ سے جنگ رکوانے کی درخواست کردی جس پر امریکی صدر ٹرمپ نے مداخلت کر کے دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کروا دیا۔ بھارتی حکومت کو توقع نہیں تھی کہ پاکستان اس قدر تباہ کن جوابی کاروائی کرے گا۔

اس چند روزہ جنگ سے پاکستان کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہوئی جبکہ بھارت  کوانتہائی ذلت کا سامنا کرنا پڑا ۔ دنیا بھر کے تجزیہ کاروں ، ٹی وی چینلز کے مندوبین نے اپنی آراء میں پاکستان کے صبر و تحمل اور جنگی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے۔بھارت پر تابڑ توڑ حملے کر کے ان فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر تباہ  کرنے  کو سراہا۔

دوسری جانب انٹرنیشنل میڈیا نے بھارت کی منافقت، مکاری، عیاری اور جھوٹ کو دنیا بھر میں بے نقاب بھی کیا ۔اس چند روز کی جنگ میں بھارت کو ہر محاذ پر ذلت اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جس کے اثرات دیر تک قائم رہیں گے وطن عزیز پاکستان نے ہر بات کو سچائی-اور برد باری کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کر کے اپنے قد میں اضافہ کروالیا۔جبکہ دنیا بھر کے ممالک نے پاکستان کے سچے موقف کا اعتراف بھی کیا۔

ہماری افواج پاکستان نے  جذبہ ایمانی اور جذبہ حب الوطنی کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا کر سے عبرتناک شکست سے دو چار کیا، جس پر ہم سب پاکستانی اللہ تعالٰی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ رب کائنات  نے حق کا بول بال کیا۔ہم اپنی پاک افواج کواس فتح پر مبارکباد اور سلام پیش کرتے ہیں ۔ پاکستان نور ہے نور کو زوال نہیں۔ پاکستان اور پاک افواج ہمیشہ زندہ باد۔

Loading