Daily Roshni News

اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، بارودی روبوٹس کے ذریعے عمارتیں تباہ کرنا شروع کردیں

غزہ پراسرائیلی طیاروں کی شدید بمباری کا سلسلہ نہ تھم سکا، قابض فوج نے بارود سے بھرے خودکار روبوٹس سے بھی عمارتیں تباہ کرنا شروع کر دیں۔

اسرائیلی فوج غزہ میں عمارتیں تباہ کرنے کے لیے  بارود سے بھرے خود کار روبوٹس کا استعمال کررہی ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک روز میں مزید 88 فلسطینی شہید کردیے، شہدا میں امداد کے منتظر 32 افراد بھی شامل تھے۔

7 اکتوبر 2023کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 63 ہزار 459 ہوگئی جبکہ ایک لاکھ60 ہزار 256 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج پر  القسام بریگیڈز کے حملے

غزہ پر حملوں کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز  نے اسرائیلی فوج پر حملہ کردیا۔

القسام بریگیڈ نے تازہ حملوں میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کے ایک مرکاوہ ٹینک کو  ‘یاسین-105’ میزائل سے نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک ڈی-9 فوجی بلڈوزر کو  ایک گلی میں نصب دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع نے گزشتہ روز حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کا دعویٰ کیا تھا، اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی کہا تھا کہ اسرائیل نے ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا ہے۔

حماس کی جانب سے اسرائیلی دعوے پر تاحال کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

Loading