شارجہ: سہ ملکی سیریز میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم ایونٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے۔
منگل کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دی۔
افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بناسکی۔
اس شکست کے باوجود پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر 3 میچز میں 2 میں کامیابیوں کے ساتھ 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ فتح کے باوجود افغانستان کا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرا نمبر ہے۔
افغانستان کی ٹیم نے بھی اب تک 3 میچز میں 2 میں کامیابی حاصل کی اور اس کے 4 پوائنٹس ہیں لیکن نیٹ رن ریٹ پاکستان سے کم ہے۔
سہ ملکی سیریز میں میزبان یو اے ای اب تک کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور وہ 2 میچز میں ناکامی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔