آپ کوشش کریں۔ قدرت ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ایک بہت بڑی حقیقت یہ ہے کہ خدا کی ساری طاقتیں ہر جگہ ہر وقت ایک جیسی موجود ہیں۔ اور پوری دنیا میں انسان کہیں بھی ترقی کر سکتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ایک اور بڑی حقیقت یہ ہے کہ جو انسان اپنی زندگی بہتر نہیں کر سکتے، وہ اصل میں اتنی کوشش ہی نہیں کرتے۔ اور خود کو تسلی دینے کے لئے کبھی ملکی حالات ، گورنمنٹ یا نصیب کو الزام دیتے رہتے ہیں۔
قدرت کے مواقع سب کے لئے یکساں ہیں۔ آپ جتنی کوشش کرتے ہیں آپ کو اتنا ضرور ملتا ہے۔ اگر زیادہ چاہتے ہیں تو کوشش بڑھائیں، اپنی معلومات بڑھائیں، ذہن کے اوپر وہ دھن سوار کر لیں، جو بننا چاہتے ہیں وہی سوچیں، مسلسل سوچیں، لکھیں، ویڈیوز دیکھیں، ویسے لوگوں سے ملیں۔ اور سب سے بڑی بات کہ جیتنے تک رکیں نہیں۔ قدرت بھی آپ کو ٹیسٹ کرتی ہے کہ جو یہ مانگ رہا ہے اس کے قابل ہے بھی کہ نہیں۔
قدرت آپ کی کوشش سے آپ کے حالات بدلتی ہے۔ نہ کہ صرف باتوں یا دعاؤں سے۔ کامیاب ہونے کے لئے سبب کا ہونا بڑا ضروری ہے۔ سبب کوشش سے بنتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ سبب پہلے چاہتے ہیں اور کوشش بعد میں کرنا چاہتے ہیں۔ ایسا قدرت کا قانون نہیں ہے۔
یاد رکھیں، کمی انسان کی طرف سے ہے۔ قدرت کی طرف سے نہیں۔ وہ سب کامیاب ہو جاتے ہیں جو اپنی کوشش نہیں چھوڑتے، پھر چاہے وہ کسی بھی جگہ، شہر، مذہب سے ہو۔ لڑکی ہو یا لڑکا۔ عورت ہو یا مرد ۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ کامیابی کے مواقع سب کیلئے یکساں ہیں۔
انسان اشرف المخلوقات یعنی تمام مخلوقات سے بہتر ہو کر (شیر جیسا ہو کر) چوہوں جیسی زندگی گزارے تو یہ بڑے شرم کی بات ہے۔
آپ کوشش کریں۔ قدرت ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے۔ آپ کے اندر حالا ت کو چیر کر بہتر زندگی گزارنے کی ساری صلاحیتیں موجود ہیں۔ پھر چاہے آپ زیادہ پڑھے لکھے ،کم پڑھے یا ان پڑھ ہی کیوں نہ ہوں۔
اللہ تعالٰی آپ سب کو کامیاب کرے۔ آمین۔
لیکن کوشش شرط ہے۔