Daily Roshni News

سائفر معاملہ: میں اور شاہ محمود ایف آئی اے میں جاکر حقائق بتائیں گے، اسد عمر

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکرٹری اسد عمر نے سائفر کے معاملے پر  ایف آئی اے میں پیش ہونے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئی پارٹیوں سے متعلق سوال پر اسد عمر نے کہا کہ پارٹیاں عوام بناتے ہیں  اور وہی چلاتے ہیں، کسی پارٹی کا فیصلہ کوئی دوسرا نہیں صرف عوام کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرویزخٹک ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں مگر اب دیکھتے ہیں انہیں کیا کامیابی ملتی ہے۔

سائفر سے متعلق اعظم خان کے اعترافی بیان پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ اعظم خان کا جو 164کا بیان سامنے آیا مجھے اس میں قانونی لحاظ سےکچھ خاص نظر نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اور شاہ محمود کو ایف آئی اے نے 24 جولائی کوبلایا ہے، جائیں گے اور حقائق بتائیں گے۔

سائفر پر اعظم خان کا اعترافی بیان

گزشتہ روز سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرایا جس میں اعظم خان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بیان ریکارڈ کراتے ہوئے سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔

اعظم خان نے بیان میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر مجھ سے 9 مارچ کو لے لیا اور بعد میں گم کر دیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر ڈرامے کے ذریعے عوام میں ملکی سلامتی اداروں کے خلاف نفرت کا بیج بویا، سائفرکو جان بوجھ کر ملکی سلامتی اداروں اور امریکا کی ملی بھگت کا غلط رنگ دیا گیا،منع کرنے کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی نے سیکریٹ مراسلہ ذاتی مفاد کے لیے لہرایا۔

Loading