Daily Roshni News

اسلامی بینکاری: غیر سودی یا سودی و استحصالی؟

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )یہ کتاب “اسلامی بینکاری: غیر سودی یا سودی و استحصالی؟” ممتاز ماہرِ معاشیات ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی کی نئی تصنیف ہے، جو جلد طباعت کے مراحل طے کرنے والی ہے۔ اس کی اشاعت بلاشبہ اسلامی معیشت اور بینکاری کے موضوع پر ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔

ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی کا شمار ان ماہرینِ معیشت میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی تناظر میں بھی سودی نظام کے نقصانات اور اسلامی بینکاری کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا۔ آپ کئی دہائیوں سے اخبارات و جرائد میں اپنے مدلل اور عام فہم مضامین کے ذریعے عوام، اہلِ علم اور پالیسی سازوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ ان کی انفرادیت یہ ہے کہ وہ بڑی سے بڑی معاشی گتھی کو بھی نہایت سادہ اور قابلِ فہم انداز میں بیان کرتے ہیں۔

اس کتاب کے حوالے سے متعدد بار ڈاکٹر صاحب سے تبادلۂ خیال ہوا۔ ان کے اس خاص موضوع پر جو کچھ چیزیں سامنے آئیں ان دلائل اور تحریروں پر معروف علما، بالخصوص دیوبند  اور پھر مفتی منیب الرحمن سے میں خود اس موضوع پر بات کرچکا ہوں انہوں نے  بھی سنجیدگی سے غور کیا اور اس پر تبادلۂ خیال فرمایا،مفتی صاحب جو خود بھی ڈاکٹر  صاحب کے بہت قریب ہیں ایک دن فون پر کہنے لگے ڈاکٹر صاحب سے میں خود بھی کہہ چکا ہوں آپ بھی کہیے گا کہ ہمارے پاس حل کیا ہے،یقینا اس کتاب میں ان کے سوال کا جواب بھی ہوگا۔یہی وجہ ہے کہ یہ کتاب صرف ماہرینِ معاشیات یا بینکاروں کے لیے ہی نہیں بلکہ علما، طلبہ، محققین اور دینی و علمی ذوق رکھنے والوں کے لیے بھی یکساں طور پر اہمیت کی حامل ہے۔

میری رائے میں یہ کتاب اُن تمام افراد کے لیے ناگزیر ہے جو اسلامی بینکاری، معیشت اور سیاست کے باہمی تعلق کو سمجھنا چاہتے ہیں۔ میں نے خود متعدد ماہرینِ معاشیات سے گفتگو کی ہے، لیکن ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی ہمیشہ اپنے درد مند لہجے اور منفرد زاویۂ فکر کے باعث نمایاں رہے۔ میرا یقین ہے کہ اگر آج ہماری معاشی پالیسی سازی ایسے دردمند اور مخلص ماہرین کے ہاتھ میں ہوتی تو وطنِ عزیز کے حالات یقیناً مختلف ہوتے۔

یہ کتاب اپنی اشاعت سے پہلے ہی علمی و فکری حلقوں میں موضوعِ بحث بن چکی ہے۔ اس لیے میری ذاتی رائے ہے کہ جو لوگ اسلامی بینکاری اور ملکی معیشت کے مستقبل میں سنجیدہ دلچسپی رکھتے ہیں، انہیں اپنی کاپی فوراً پیشگی بک کروا لینی چاہیے۔

اللہ تعالیٰ ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی کو صحت و درازیٔ عمر عطا فرمائے اور ان کی علمی کاوشوں کو امت کے لیے نافع اور رہنما بنائے۔عامر اشرف

#booklover #economy #islam #IslamiBank #MeezanBank #IslamicBanking #islamibankbangladesh #Pakistan #saudiarabia #statebankpakistan #chamberofcommerce

Loading