Daily Roshni News

برطانیہ میں فلسطینی مشن کی عمارت کو سفارتخانے کا درجہ مل گیا، فلسطینی پرچم بھی لہرادیا گیا

فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے بعد برطانیہ میں فلسطینی مشن کو سفارت خانے کا درجہ مل گیا جبکہ عمارت کے باہر فلسطینی پرچم بھی لہرا دیا گیا۔ 

فلسطین کے برطانیہ میں سفیر  حسام زملوط نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر فلسطین کا پرچم بلند کریں، جس کے رنگ ہماری قوم کی نمائندگی کرتے ہیں، سیاہ رنگ  سوگ، سفید رنگ ہماری امید، سبز رنگ ہماری زمین اور سرخ رنگ ہمارے عوام کی قربانیوں کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا تاریخی ناانصافیوں کو درست کرنے اور آزادی، وقار اور بنیادی انسانی حقوق پر مبنی مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔

حسام زملوط نے زور دیا کہ فلسطینی ریاست کو ایسے وقت میں تسلیم کیا گیا ہے جب ہم ناقابلِ تصور درد اور اذیت سے گزر رہے ہیں، ہمارے خلاف ایک ایسی نسل کُشی  جا رہی ہے جسے اب تک نہ صرف تسلیم نہیں کیا گیا بلکہ اسے بے خوفی کے ساتھ جاری رہنے دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے عوام پرغزہ میں بھوک اور بمباری مسلط کردی گئی ہے اور وہ اپنے ہی گھروں کے ملبے تلے دفن ہو رہے ہیں، ہمارے لوگ مغربی کنارے میں نسلی تطہیر، ریاستی دہشت گردی، زمینوں کی چوری اور جبر کا روزانہ سامنا کر رہے ہیں۔

حسام زملوط نے کہا کہ اب بھی فلسطینی عوام کی انسانیت پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں، ہماری زندگیاں بے وقعت سمجھی جا رہی ہیں اور ہمارے بنیادی حقوق مسلسل سلب کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ پرچم اس عہد کے ساتھ بلند کرتے ہیں کہ فلسطین ہمیشہ رہے گا، فلسطین سر بلند ہوگا اور فلسطین آزاد ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Loading