*بھوک*
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )گھر کے گیٹ کی گھنٹی بار بار بج رہی تھی۔ مالکن نے چونک کر دروازہ کھولا تو سامنے ایک دبلا پتلا سا اخبار بیچنے والا بچہ کھڑا تھا۔ عمر بمشکل دس سال ہوگی۔ شاید آج اخبار نہ چھپا تھا، اس لیے وہ کچھ اور کام ڈھونڈنے نکلا تھا۔
کیا ہے؟ مالکن نے قدرے سخت لہجے میں پوچھا۔
بچے نے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا، آنٹی جی، کیا میں آپ کے باغ کی صفائی کر دوں؟
نہیں، ہمیں اس کی ضرورت نہیں۔ وہ بے دلی سے بولیں۔
بچہ لجاجت سے بولا، پلیز آنٹی جی، کروا لیں۔ میں باغ کو بہت اچھا صاف کر دوں گا۔
مالکن نے سوچتے ہوئے کہا، اچھا، لیکن کتنے پیسے لوگے؟
بچہ فوراً بولا، پیسے نہیں چاہئیں آنٹی، بس کھانا دے دینا۔
یہ سن کر مالکن کے دل میں رحم آیا۔ لگتا ہے غریب بھوکا ہے، پہلے اسے کھانا دے دوں، پھر کام کرے گا۔ وہ دل ہی دل میں بولیں اور کہا، آؤ پہلے کھانا کھا لو، پھر صفائی کرنا۔
بچہ سر جھکائے بولا، نہیں آنٹی، پہلے مجھے کام کرنے دیں، پھر آپ کھانا دے دینا۔
مالکن خاموشی سے اندر چلی گئیں۔ بچہ محنت سے باغ صاف کرنے لگا۔ ایک ایک گملہ سیدھا کیا، جھاڑو لگائی، خشک پتے سمیٹ کر کونے میں ڈالے۔ پورا باغ جیسے نکھر سا گیا۔
ایک گھنٹے بعد وہ ہانپتے ہوئے بولا، آنٹی جی، دیکھیں صفائی اچھی ہوئی یا نہیں؟
مالکن نے حیرت سے باغ دیکھا اور تعریف کئے بغیر نہ رہ سکیں۔ واہ بیٹا، تم نے تو کمال کر دیا۔ گملے بھی بہت اچھے لگ رہے ہیں۔ بیٹھو، میں ابھی کھانا لاتی ہوں۔
وہ پلیٹ میں کھانا لے کر آئیں اور بچے کے سامنے رکھ دیا۔ مگر بچہ کھانے کے بجائے اپنی جیب سے ایک چھوٹی سی پلاسٹک کی تھیلی نکالنے لگا اور کھانا اس میں رکھنے لگا۔
مالکن چونک کر بولیں، ارے! بھوکے بھوکے ایک گھنٹہ کام کیا، اب یہاں بیٹھ کر کھا لو۔ اگر اور ضرورت ہوئی تو میں مزید بھی دے دوں گی۔
بچے نے نظریں جھکا کر آہستہ سے کہا، آنٹی، میری امی بیمار ہیں۔ سرکاری اسپتال سے دوائی تو لے آئی ہیں، مگر ڈاکٹر نے کہا ہے کہ خالی پیٹ دوا مت دینا۔ یہ کھانا میں اپنی ماں کے لیے لے جا رہا ہوں۔
یہ سن کر مالکن کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے۔ انہوں نے آگے بڑھ کر اپنے ہاتھوں سے اس معصوم کو نوالہ کھلایا، پھر جلدی سے باورچی خانے میں گئیں اور روٹیاں بنا کر بچے کے ساتھ اس کے گھر پہنچیں۔
بیمار ماں کو کھانا دیا اور پیار سے کہا،
بہن، آپ بہت امیر ہیں۔ جو دولت آپ نے اپنے بیٹے کو دی ہے، ہم اپنے بچوں کو دینے کے قابل نہیں۔ ایسے نیک اور فرمانبردار بیٹے خدا نصیب والوں کو دیتا ہے