Daily Roshni News

حماس نے منصوبہ رد کیا تو اسرائیل اپنا کام مکمل کرےگا: نیتن یاہو کی دھمکی

اسرائیلی وزیر اعظم  نیتن یاہو   نے ٹرمپ کے مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کو تسلیم نہ کرنے پر حماس کو  دھمکی دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو   نے کہا ہے کہ  حماس نے منصوبہ رد کیا تو اسرائیل اپنا کام مکمل کرےگا۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ منصوبہ جنگ کے خاتمے سے متعلق اسرائیل کے اصولوں سے مطابقت رکھتاہے اور یہ معاہدہ  یقینی بنائےگا کہ غزہ اسرائیل کےلیےکبھی خطرہ نہیں بنےگا۔

مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کا اعلان

گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران  مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کا اعلان کیاتھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیےتاریخی دن ہے، خطے میں امن اور استحکام کے لیےکام کریں گے، غزہ امن معاہدے کے بالکل قریب پہنچ چکےہیں، عرب اور مسلم رہنماؤں نے اس منصوبے کی حمایت کی ہے، ترکیے اور انڈونیشیا کے صدور میرے ساتھ ہیں، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے بھی امن معاہدے کی حمایت کی ہے۔

امریکی صدر کاکہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے میرا امن معاہدہ تسلیم کرلیا ہے، اگر حماس معاہدہ مسترد کردے تو اسرائیل کو حماس کے خاتمے کےلیے میری مکمل پشت پناہی حاصل ہوگی۔

مسلم ممالک کا ٹرمپ کے منصوبے کی حمایت کا اعلان

علاوہ ازیں مسلم ممالک نے غزہ جنگ بندی سے متعلق ٹرمپ کے مجوزہ منصوبےکی حمایت کی ہے۔

پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر کی غزہ جنگ بندی کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔

مسلم ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں صدر ٹرمپ کے اس مجوزہ منصوبے کو سراہا گیا جس میں غزہ کی تعمیر نو، فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی روک تھام، جنگ بندی اور ایک جامع امن عمل کو آگے بڑھانے کا اعلان شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Loading