اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات میں آئی ایم ایف نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) سے متعلق پیشرفت رپورٹ مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو صوبوں کی مشاورت سے جلد این ایف سی اجلاس بلانےکی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ مذاکرات میں مرکز و صوبوں کے وسائل کی تقسیم کو اہم نکتہ قرار دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے صحت اور تعلیم کے بجٹ میں کمی سے بچنےکے اقدامات پر زور دیا ہے۔ آئی ایم ایف نے لیبر فورس، ہاؤس ہولڈ اور پی ایس ایل ایم سروے مکمل کرنے پر زور دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف کو مالی سال 2025 کےترقیاتی اخراجات اور 2026 کے فریم ورک پر بریفنگ دی گئی۔ مذاکرات میں حالیہ سیلاب کے معیشت پر اثرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سےٹریڈ بیسڈ منی لانڈرنگ اور رسک پر مبنی نگرانی پر سوالات اٹھائے گئے، آئی ایم ایف کو ای۔پیڈز پروکیورمنٹ سسٹم اور بیرونی آڈٹ رپورٹس پر بریفنگ دی گئی، مذاکرات میں بینیفیشل اونرشپ رجسٹری، نان فنانشل پروفیشنز کی نگرانی کا معاملہ زیربحث آیا۔
ذرائع کے مطابق کامیاب جائزے کی صورت میں پاکستان کو تقریباً 1.2 ارب ڈالر قسط ملےگی۔