Daily Roshni News

کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے  مظاہرے، 3 پولیس اہلکار جاں بحق، 6 کارکن جان سے گئے

کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے  مظاہرے، 3 پولیس اہلکار جاں بحق، 6 کارکن جان سے گئے

پاکستان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے مظاہروں کے نتیجے میں 3 پولیس اہل کار جاں بحق ہوگئے جبکہ  6 کارکن  جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

پُرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں 72 پولیس اہلکار   زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 12 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جبکہ زخمی ہونے والو ں میں 50 عام شہری بھی شامل ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر مخصوص ایجنڈے کے تحت پھیلائی گئی فیک نیوز  پر کان نہ دھریں۔

  آزادکشمیر کی صورت حال پر آج اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ  اجلاس میں غور ہوگا کہ آزاد کشمیر کی صورت حال میں کیا کردار ادا کیا جائے۔

یاد رہے کہ حکومت نے ایک بار پھر عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  ایکشن کمیٹی کے 90 فیصد مطالبات آزاد کشمیر حکومت نے تسلیم کرلیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 2 ایسے مطالبات تھے جس کے لیے آزاد کشمیر کے آئین میں ترمیم درکار تھی، مہاجرین کی نشستیں ختم کرنا اور وزرا کی تعداد میں کمی کا مطالبہ کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم 2 مطالبات پر بھی کھلے دل سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اب بھی گزارش ہے کہ 90 فیصد مطالبات مانے جاچکے ہیں تو باقی پر بھی بات کریں۔

Loading