اوسلو: ناروے کی ایک عدالت نے امریکی سفارتخانے کے محافظ کو روس اور ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے جرم میں 3 سال 7 ماہ قید کی سزا سنادی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق 28 سالہ شہری نے مارچ سے نومبر 2024 کے دوران امریکی سفارتخانے کے نقشے، سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کی ذاتی معلومات، اور سفارتخانے کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات روسی اور ایرانی انٹیلی جنس کو فراہم کیں، بدلے میں اسے روسی انٹیلی جنس سے 10 ہزار یورو اور ایرانی انٹیلی جنس سے 0.17 بٹ کوائن ادا کیے گئے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ فراہم کردہ معلومات ایسی نوعیت کی تھیں جو متعلقہ افراد کے خلاف براہِ راست کارروائی کے لیے استعمال ہو سکتی تھیں۔
مقدمے کے دوران ملزم نے اپنے اقدامات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل امریکا کی جانب سے اسرائیل کی غزہ پر فوجی کارروائی کی حمایت کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا، تاہم اس نے سنگین جاسوسی کے الزام کی تردید کی۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے ناروے، سربیا اور ترکیے میں روسی اور ایرانی حکام کو سفارتکاروں کے نام، پتے، فون نمبر، گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز اور ان کے اہل خانہ کی تفصیلات فراہم کیں۔
استغاثہ نے عدالت سے 6 سال 4 ماہ قید کی سزا کی درخواست کی تھی جبکہ ناروے کے قانون کے تحت اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا 21 سال قید ہے۔