آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا جس کے ساتھ ہی ایونٹ میں ٹیم پاکستان کا سفر بغیر کسی جیت کے ختم ہو گیا۔
کولمبو میں ہونے والے ورلڈ کپ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔
تاہم بارش کی وجہ سے میچ کو 34 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا ، لیکن پاکستان نے 4.2 اوورز میں 18 رنز بنائے تھے کہ پھر بارش شروع ہوگئی اور پھر نہ تھمی جس کی وجہ سے میچ ختم کر دیا گیا۔
اس میچ کے ساتھ ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کا سفر ختم ہو گیا۔
میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم 7 میں سے ایک بھی میچ نہ جیت سکی ، 4 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 3 میچ بارش کی نذر ہو گئے۔
سری لنکا نے 7 میں سے ایک میچ جیتا ، 3 میں شکست ہوئی اور 3 میچز بارش کے باعث منسوخ کر دیے گئے۔
واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ میں آسٹریلیا ، انگلینڈ، جنوبی افریقا اور بھارت نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے ۔
جیوسوپر ویمنز ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے براہ راست نشر کر رہا ہے۔
![]()
